شاہنواز قاسم نے کامن ڈائیٹ مینو پروگرام میں شرکت کی
طلبہ اور سرپرستوں سے بات چیت
حیدرآباد۔/15 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے کامن ڈائیٹ پروگرام کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے سکریٹری شاہنواز قاسم ( آئی پی ایس ) نے اقلیتی اقامتی اسکول اور جونیر کالج چندرائن گٹہ گرلز ۔1 کا دورہ کیا اور طالبات کے ساتھ لنچ کیا۔ اسکول پہنچنے پر گارڈ آف آرنر کے ذریعہ شاہنواز قاسم کا استقبال کیا گیا۔ پرنسپل ایس لاونیا ریڈی نے اسکول کی کارکردگی اور تعلیمی نتائج کے بارے میں واقف کرایا۔ گذشتہ سال ایک طالبہ کو میڈیسن میں نشست حاصل ہوئی اور دیگر امتحانات میں بھی اسکول کے طلبہ کا مظاہرہ بہتر رہا ہے۔ شاہنواز قاسم نے کہا کہ آٹھ سال کے وقفہ کے بعد حکومت نے ڈائیٹ چارجس میں 40 فیصد کا اضافہ کیا جبکہ 16 سال کے بعد کاسمیٹک چارجس میں 400 فیصد کا اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے طلبہ اور اسٹاف کے علاوہ والدین و سرپرستوں سے بات چیت کرتے ہوئے تعلیمی معیار اور اسکول میں موجود سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود پر توجہ دیں۔ شاہنواز قاسم نے میتھامیٹکس اور جیوگرافی جیسے مضامین پر توجہ دینے کی صلاح دی۔ انہوں نے اسکول کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پلے گراؤنڈ کی فراہمی اور جونیر کالج کو ڈگری کالج میں اَپ گریڈ کرنے کیلئے ضروری اقدامات کا تیقن دیا۔ انہوں نے والدین اور سرپرستوں کو مشورہ دیا کہ میناریٹی اسٹڈی سرکل کی جانب سے سیول سرویس امتحانات کی کوچنگ سے استفادہ کریں۔ شاہنواز قاسم نے کامن ڈائیٹ مینو کا افتتاح کیا اور طالبات کے ساتھ لنچ کیا۔ انہوں نے پکوان میں صحت و صفائی اور پکوان کے اسٹاف کے شخصی صحت و صفائی کے بارے میں جائزہ لیا۔ انہوں نے کلاس رومس کا معائنہ کیا۔ شاہنواز قاسم نے اسکول کی ترقی اور انفرااسٹرکچر کی فراہمی کیلئے ضروری تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر ڈپٹی سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی شریمتی زبیدہ بیگم اور دوسرے موجود تھے۔1