کانگریس حکومت کا پہلا جی او دھرانی پوٹل کی منسوخی کا جاری ہوگا، اسٹیشن گھن پور میں پد یاترا، محمد علی شبیر اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد 17 فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی پد یاترا آج 11 ویں دن ورنگل کے اسٹیشن گھن پور اسمبلی حلقہ میں جاری رہی اور انہوں نے پارٹی کے سینئر قائدین محمد علی شبیر ، انجن کمار یادو ، سدرشن ریڈی ، ایس راجیا اور دوسروں کے ہمراہ تقریباً 10 کیلو میٹر کا فاصلہ طئے کرکے عوام سے ملاقات کی ۔ پد یاترا کا صبح 9 بجے ظفر گڑھ منڈل کونور گاؤں سے ہوا اور پامنور گاؤں پہنچ کر لنچ کا وقفہ لیا گیا ۔ ریونت ریڈی نے گھن پور ٹاؤن شیواجی چوک اسٹیشن پر اسٹریٹ کارنر میٹنگ سے خطاب کیا جس میں ہزاروں عوام اور کانگریس حامیوں نے شرکت کی ۔ ریونت ریڈی نے کسانوں سے کھیت میں پہنچ کر ملاقات کی اور برقی سربراہی پر معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کسانوں کے ساتھ کچھ دیر تک ہل چلایا اور مختلف فصلوں کو اگانے پودے لگائے۔ کسانوں نے شکایت کی کہ حکومت 24 گھنٹے برقی سربراہی کے وعدہ پر عمل میں ناکام ہے جس کے نتیجہ میں فصلوں کو نقصان کا اندیشہ ہے ۔ ریونت ریڈی نے غریب عوام کے مکانات پہنچ کر خواتین سے بات چیت کی ۔ انہوں نے خواتین کو تیقن دیا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر مکانات کی تعمیر کیلئے پانچ لاکھ روپئے اور آروگیہ شری اسکیم کے تحت پانچ لاکھ روپئے تک کا علاج مفت کیا جائیگا ۔ صدر پردیش کانگریس نے گرام پنچایت ملازمین اور آٹو ڈرائیورس سے ملاقات کی ۔ آٹو ڈرائیورس نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ اور انشورنس کیلئے زائد ادائیگی سے نقصانات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے آٹو ڈرائیورس کو کانگریس اقتدار پر آنے پر قیمت میں کمی کا تیقن دیا۔ ریونت ریڈی نے اسٹیشن گھن پور کے بی آر ایس رکن اسمبلی راجیا پر بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا اور کہا کہ حلقہ کے ووٹرس آئندہ الیکشن میں سبق سکھائیں گے۔ جلسہ عام میں اسٹیٹ کارنر میٹنگ سے خطاب میںریونت ریڈی نے کے سی آر حکومت پر اقلیتوں اور پسماندہ طبقات سے دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 اور 2018 ء اسمبلی انتخابات کے وقت اقلیتوں سے کئی وعدے کئے گئے ۔ اسی طرح بی سی اور دیگر کمزور طبقات کیلئے کئی اعلانات کئے گئے لیکن ان طبقات کو حکومت نے دھوکہ دیا ہے۔ ریونت ریڈی نے اقلیتوں اور کمزور طبقات سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ میں اندراماں راج کی واپسی کے لئے کانگریس کو برسر اقتدار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل سے صرف کے سی آر کے خاندان کو فائدہ ہوا ہے۔ کے سی آر خاندان اور ان کے قریبی افراد اسکامس میں ملوث ہیں۔ دھرانی پورٹل کے نتیجہ میں کسانوں اور عوام کی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ یکم جنوری 2024 ء کو کانگریس حکومت کی تشکیل کے فوری بعد دھرانی پورٹل کی منسوخی کا پہلا جی او جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل سے کسانوں کو اراضیات سے محروم کردیا گیا ۔ کے سی آر اور ان کے قریبی افراد پورٹل سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاروں کو روزگار ، ماہانہ بیروزگاری الاؤنس اور غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر مجرمانہ سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے بی آر ایس کو 10 سال تک اقتدار کا موقع دیا ہے ۔ اب وقت آچکا ہے کہ بی آر ایس کو اقتدار سے بے دخل کیا جائے اور کانگریس کو حکمرانی کا موقع دیا ج ائے ۔ انہوں نے کانگریس اقتدار پر آنے پر غریبوں و پسماندہ طبقات کیلئے نئی اسکیمات متعارف کرنے کا وعدہ کیا۔ ر