اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی کانگریس حکومت کا مقصد

   

گاندھی بھون میں کرسمس تقاریب سے مہیش کمار گوڑ کا خطاب
حیدرآباد۔/18 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں آج کرسمس تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ پارٹی کے اقلیتی سل کی جانب سے کرسمس کیک کاٹا گیا اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے عیسائیوں کو مبارکباد پیش کی۔ سابق رکن راجیہ سبھا جے ڈی سیلم ، کارپوریشنوں کے صدورنشین اور عیسائی طبقہ سے تعلق رکھنے والے قائدین نے شرکت کی۔ مہیش کمار گوڑ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے تمام مذاہب کے عید اور تہوار سرکاری طور پر منائے جارہے ہیں تاکہ قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں عیسائی برادری نے کانگریس پارٹی کی تائید کی۔ کانگریس پارٹی میں تمام مذاہب اور طبقات کے قائدین کو مناسب مقام حاصل ہے اور سرکاری عہدوں اور پارٹی کے عہدوں میں نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرسمس بھون کی تعمیر کا جو وعدہ کیا ہے اس پر عمل کیا جائے گا اور آئندہ تین برسوں میں کرسمس بھون کی عمارت کی تعمیر مکمل ہوجائے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے عیسائیوں کو تیقن دیا کہ حکومت کی جانب سے ان کے مسائل کی یکسوئی کی جائے گی۔ انہوں نے سیاسی مقصد براری کیلئے مذہب کے استعمال کو معاشرہ کیلئے نقصاندہ قرار دیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس حکومت اقلیتوں کے مفادات کا تحفظ کرے گی۔1