اقلیتی اقامتی اسکول سنگاریڈی میں یوم تعلیم کا انعقاد

   

سنگاریڈی 21 / جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اقلیتی اقامتی گرلز اسکول و گرلز جونیر کالج روبرو رعیتو بازار سنگاریڈی میں پرنسپل ہیمالتا کی صدارت میں 10 سالہ تلنگانہ یوم تاسیس تقریب کے تحت ” یوم تعلیم ” جشن منایا گیا اس موقع پر قومی پرچم لہرایا گیا ۔ جس میں سنگاریڈی ضلع اقلیتی بہبود آفیسر ارون کمار اور وارڈ نمبر 38 ‘ محلہ اوپر بازار و جلال باغ سنگاریڈی کے نمائندہ کونسلر محمد یعقوب علی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب میں مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے مہمانوں کی شالپوشی کی گئی ۔ بعد ازاں اقلیتی اقامتی گرلز اسکول و اقلیتی اقامتی گرلز جونیر کالج کی حال ہی میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ امتحانات کے نتائج میں اعلی نشانات سے کامیاب ہونے والی طالبات کو تہنیت پیش کی گئی ۔ اس تقریب میں طالبات میں یونیفارم ، نصابی کتابیں ، کاپیاں اور دیگر اشیاء کی تقسیم عمل میں آئی ۔ اس موقع پر غلام قادر ، اسکول اسٹاف کے علاوہ محکمہ اقلیتی بہبود کا اسٹاف اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔