اقلیتی امیدواروں کیلئے سیول سرویس کوچنگ 22 اگسٹ سے آن لائن درخواستوں کا ادخال

   

حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹیز اسٹڈی سرکل کے زیر اہتمام یونین پبلک سرویس کمیشن کے CSAT-2023 کیلئے اقلیتی طلبہ کو کوچنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تعلیمی سال 2022-23 میں کوچنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ ڈائرکٹر میناریٹیز اسٹڈی سرکل شاہنواز قاسم کے مطابق کوچنگ کے سلسلہ میں رول آف ریزرویشن پر عمل کیا جائے گا اور خاتون امیدواروں کو 33.33 فیصد اور جسمانی معذورین کو 3 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ ایسے تمام اقلیتی امیدوار جو پہلی مرتبہ میناریٹیز اسٹڈی سرکل کوچنگ میں شرکت کے خواہشمند ہیں انہیں اسکریننگ ٹسٹ میں حصہ لینا ہوگا اور میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے گا۔ امیدواروں کے والدین اور سرپرستوں کی سالانہ آمدنی 2 لاکھ سے زائد نہیں ہونی چاہیئے۔ امیدوار 22 اگسٹ سے آن لائن درخواستیں ویب سائیٹ www.tmreis. telangana.gov.in پر داخل کرسکتے ہیں۔ کوئی بھی جنرل اور پیشہ ورانہ ڈگری کے حامل امیدوار جن کا تعلق مسلم، کرسچن، سکھ ، جین، بدھسٹ اور پارسی طبقات سے ہو داخلہ کے اہل ہیں۔ درخواستوں کے آن لائن ادخال کی آخری تاریخ یکم ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ اسکریننگ ٹسٹ کا 11 ستمبر کو صبح 10 تا 12 بجے دن تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولوں میں انعقاد عمل میں آئے گا جو تمام اضلاع کے ہیڈکوارٹرس پر موجود ہیں۔ تفصیلی اعلامیہ ٹمریز کی ویب سائیٹ پر پیش کیا جائے گا جبکہ خواہشمند امیدوار تمام ایام کار میں فون نمبر 040-23236112 پر ربط قائم کرسکتے ہیں۔ر