اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات کا جائزہ لینے ضلع اقلیتی بہبود عہدیداروں کا اجلاس

   


حیدرآباد۔/6نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے تحت مختلف سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے 15 نومبر کو 11 بجے دن تمام ڈسٹرکٹ ویلفیر آفیسرس کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن محمد اسحاق امتیاز اور کارپوریشن کی منیجنگ ڈائرکٹر اور دیگر عہدیدار اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے ضلع واری سطح پر اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیں گے۔ یہ اجلاس حج ہاوز کی پانچویں منزل پر منعقد ہوگا جس کے ایجنڈہ میں بینکوں سے مربوط معاشی امداد کی اسکیم، ٹریننگ ایمپلائمنٹ اسکیم، اردو کمپیوٹر سنٹرس اور لائبریریز کی کارکردگی جیسے اُمور شامل ہیں۔ تمام ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس سے مذکورہ اسکیمات کے بارے میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ انہیں کارروائی رپورٹ اور کارکردگی کی تفصیلات کے ساتھ اجلاس میں شامل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں اقلیتی فینانس کارپوریشن کی بیشتر اسکیمات حکومت کی جانب سے بجٹ کی عدم اجرائی کے سبب ٹھپ ہوچکی تھیں۔ر