دوحہ ۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں اقوامِ متحدہ کے مشن کے سربراہ نے قطر میں طالبان کی قیادت کے ساتھ ملاقات کی ہے جس میں افغانستان میں قیامِ امن کے لیے جاری کوششوں اور اقوامِ متحدہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے اعانتی مشن برائے افغانستان کے سربراہ تادامیچی یاماموتو نے جمعرات کو دوحہ میں طالبان کی سیاسی قیادت سے ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق ملاقات میں ان کے وفد کی قیادت طالبان کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ ملا برادر اخوند نے کی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بات چیت میں افغانستان میں قیامِ امن کے لیے جاری عمل، لڑائی میں عام شہریوں کی ہلاکتوں اور طالبان کے زیرِ قبضہ علاقوں میں امداد کی فراہمی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔افغانستان کے لیے اقوامِ متحدہ کے مشن نے کہا ہے کہ اس کے ذمہ داران جنگ کے خاتمے کی کوششوں کے سلسلے میں تنازع کے تمام فریقین سے مستقل رابطے میں رہتے ہیں اور انہوں نے اس سے قبل بھی دوحہ میں موجود طالبان کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔تاہم مشن نے جمعرات کو ہونے والی ملاقات کے ایجنڈے سے متعلق کچھ نہیں بتایا ہے۔اس ملاقات سے ایک روز قبل ہی اقوامِ متحدہ کے افغان مشن نے ایک رپورٹ جاری کی تھی۔