فارم ہاوز پر تین روزہ چنڈی یاگم، نامور پنڈتوں کی چار مختلف ریاستوں سے آمد، عوام کی بھلائی کے عنوان سے خصوصی پوجا
حیدرآباد ۔2۔نومبر (سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات میں کامیابی کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے عوام سے رجوع ہونے کے ساتھ ساتھ خصوصی پوجا کے ذریعہ دیوی دیوتاؤں کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ کے سی آر جو کسی بھی کام کے آغاز کیلئے مہورت کا تعین کرتے ہیں اور پنڈتوں کے ساتھ ساتھ نجومیوں پر زیادہ اعتقاد رکھتے ہیں، لہذا انہوں نے تلنگانہ میں تیسری مرتبہ اقتدار کیلئے اپنے فارم ہاؤز پر تین روزہ چنڈی یاگم کا آغاز کیا ہے۔ ملک کے نامور پنڈتوں کی موجودگی میں کل سے خصوصی پوجا ، ہون اور دیگر رسومات کا آغاز ہوا جس میں کے سی آر ، ان کی شریک حیات اور دیگر افراد خاندان نے شرکت کی۔ چنڈی یاگم پوجا آج دوسرے دن بھی جاری رہی اور کل جمعہ کو اس کا اختتام ہوگا۔ چیف منسٹر نے اپنی اہلیہ کے ساتھ آج دوسرے دن بھی پوجا میں شرکت کی۔ چیف منسٹر آفس کے مطابق تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عوام کی بھلائی کے لئے تین روزہ یاگم کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ ایراولی میں واقع چیف منسٹر کے وسیع و عریض فارم ہاؤز میں وشاکھاپٹنم شاردھا پٹھادپتی سوامی سروپانند اور سوامی سواتمانندرا کی نگرانی میں مختلف اقسام کی پوجا اور یاگم کا سلسلہ جاری ہے۔ تلنگانہ آندھراپردیش ، ٹاملناڈو اور کرناٹک سے پجاریوں کو مدعو کیا گیا ہے ۔ یاتم کے تحت گائے کی خصوصی پوجا کی گئی۔ اس پوجا میں کئی دیوی دیوتاؤں کو خوش کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ چیف منسٹر اور ان کی اہلیہ شوبھا نے پجاریوں کو خصوصی ملبوسات حوالے کئے۔ یاگم کے دوسرے دن بھی کے سی آر اور ان کی اہلیہ نے پوجا میں حصہ لیا۔ تلگو ریاستوں کے عوام کی بھلائی کے نام پر چنڈی یاگم کے انعقاد پر سیاسی مبصرین کا کہناہے کہ انتخابات سے عین قبل تلگو ریاستوں کے عوام کا اچانک خیال کیوں آیا۔ اگر صرف عوام کی بھلائی مقصود تھی تو کے سی آر ملک کے عوام کی بھلائی کیلئے پوجا کا اہتمام کرسکتے تھے۔ عوام کی بھلائی کے نام پر دراصل انتخابات میں بی آر ایس کی کامیابی کے سی آر کا اصل نشانہ ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں کے سی آر کی طبیعت بگڑنے پر ان کی اہلیہ نے تروپتی مندر پہنچ کر نہ صرف پوجا کی بلکہ اپنے سر کے بال منڈوائے تھے۔ تین دن تک جاری رہنے والی اس خصوصی پوجا کے لئے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ کے سی آر نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پرگتی بھون میں بھی کئی مرتبہ خصوصی ہون اور یاگم کا اہتمام کیا ہے۔ چونکہ خصوصی پوجا ایک مذہبی رسم ہے ، لہذا اپوزیشن قائدین کسی منفی تبصرہ سے گریز کر رہے ہیں جبکہ مبصرین کے مطابق یہ تین روزہ یاگم دراصل سیاسی یاگم ہے ۔ کے سی آر کو تلنگانہ عوام پر بھروسہ نہیں رہا ، لہذا دیوی دیوتاؤں کی مدد طلب کر رہے ہیں۔