حیدرآباد 17 دسمبر ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلنگانہ میں پھیلے مختلف حلقوں کے لئے نئے 105مراکز رائے دہی کی منظوری دی ہے ۔اس منظوری کے ساتھ ہی ریاست میں قبل ازیں کے مراکز رائے دہی 34,603کے برخلاف مراکز رائے دہی کی تعداد 34,707 ہوجائے گی۔چیف الکٹورل آفیسر رجت کمار نے اپنے پریس ریلیز میں یہ بات کہی۔مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے نئے مراکز رائے دہی کی منظوری کے بعد 16دسمبر کوریاست کے 33اضلاع کی فہرست رائے دہندگان کی اشاعت ہوئی۔اس طرح اب مختلف حلقوں بشمول جڑچرلہ میں 18 نئے مراکز رائے دہی ہوں گے ۔اس کے بعد دورناکل ایس سی حلقہ آتا ہے جس میں 15مراکز رائے دہی،ایس ٹی طبقہ کے لئے محفوظ محبوب آباد میں دس،ایس ٹی طبقہ کیلئے محفوظ پناپاکا حلقہ میں دس مراکز رائے دہی ہوجائیں گے ۔میڑچل حلقہ سے ایک مرکز رائے دہی کو نکال دیا گیا ہے ۔الیکشن کمیشن سے منظوری کے بعد مراکز رائے دہی کی صراحت کی گئی ہے ۔رجت کمار نے کہا کہ انتخابی حکام نے فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی کے حصہ کے طورپر گزشتہ روز تمام حلقوں کی جامع فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کی اشاعت عمل میں لائی ہے ۔دعووں اور اعتراضات داخل کرنے کی آخری تاریخ 15جنوری مقرر کی گئی ہے ۔