مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں سے بات چیت، رقومات کی ضبطی میں سختی نہ کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔یکم؍ نومبر، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن کی ٹیم تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے حیدرآباد پہنچی۔ سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر دھرمیندر شرما، سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر نتیش کمار ویاس اور پرنسپل سکریٹری الیکشن کمیشن آف انڈیا اویناش کمار حیدرآباد پہنچے تاکہ آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے اسٹیٹ الیکشن مشنری کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے۔ الیکشن کمیشن کی ٹیم کو چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج اور ان کی ٹیم نے تیاریوں سے واقف کرایا۔ ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر لوکیش کمار، جائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر سرفراز احمد اور ڈپٹی چیف الیکٹورل آفیسر ستیہ وانی نے پریزنٹیشن کے ذریعہ آج تک کے انتظامات کی تفصیلات پیش کیں۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار، اسپیشل چیف سکریٹری ایکسائیز سنیل شرما، پرنسپل سکریٹری ٹرانسپورٹ وانی پرساد، ایڈیشنل ڈی جی پی اور انتخابی مصارف کے نگرانکار نوڈل آفیسر مہیش بھاگوت اور ایڈیشنل جی پی سنجے کمار جین، کمشنر پولیس راچہ کنڈہ ڈی ایس چوہان، کمشنر پولیس سائبرآباد اسٹیفن رویندرا، شریمتی چاروسنہا ، کرسٹینا چونگٹو، بدھا پرکاش اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ دھرمیندر شرما کی زیر قیادت ٹیم نے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کی۔ الیکشن کمیشن کی ٹیم نے چیف الیکٹورل آفیسر اور ان کی ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد امیدواروں کے انتخابی مصارف پر خصوصی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے ریاستی عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ رقومات کی ضبطی کے معاملہ میں اگر وہ حقیقی طور پر جائز ہوں تو سختی نہ کریں۔ اگر رقومات کے بارے میں مناسب دستاویزات پیش کی جائیں اور وہ اطمینان بخش ہیں تو رقومات ضبط نہ کی جائیں۔ رقومات کی ضبطی کو سی آر پی سی کی دفعہ 102 کے تحت انجام دینے کا مشورہ دیا گیا۔ شراب اور منشیات کی ضبطی کے مسئلہ پر الیکشن کمیشن کی ٹیم نے انفورسمنٹ ایجنسیوں اور ریاستی حکومت کے محکمہ جات کو ہدایت دی کہ روایتی تلاشی مہم کے طریقہ کار کے بجائے منتقلی کا پتہ چلانے منفرد طریقے اختیار کئے جائیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ایک جامع کنٹرول روم قائم کیا گیا تاکہ غیر قانونی منتقلی پر نظر رکھی جائے۔ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور دیگر امور سے متعلق درخواستوں کی یکسوئی پر معلومات حاصل کی گئیں۔ ووٹر شناختی کارڈ اور ووٹر انفارمیشن سلپ کی تقسیم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کا مشورہ دیا گیا۔ دھرمیندر شرما نے پولنگ اسٹیشنوں میں نگرانکار کیمروں کی تنصیب پر استفسار کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سینئر سٹیزن اور معذورین کیلئے پوسٹل بیالٹ کی فراہمی سے متعلق ضروری فارمس دستیاب رکھیں۔ پولنگ مراکز پر انتظامات کے بارے میں الیکشن کمیشن کی ٹیم نے تفصیلات طلب کی۔