الیکشن کمیشن کی ٹیم کا 3 اکٹوبر سے سہ روزہ دورہ حیدرآباد

   

اسمبلی چناؤ کی تیاریوں کا جائزہ، سیاسی پارٹیوں اور اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کا منصوبہ
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ کمیشن کی ٹیم 3 اکٹوبر سے تلنگانہ کا دورہ کریگی۔ حیدرآباد میں 3 دن قیام کرکے کمیشن کی ٹیم اسمبلی انتخابات کی تیاری کا جائزہ لے گی اور قومی و ریاستی مسلمہ پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرے گی۔ مختلف سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ بھی اجلاس ہوگا جن میں انکم ٹیکس، جی ایس ٹی ، ٹرانسپورٹ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے شامل ہیں۔ انتخابی مہم میں دولت، شراب اور دیگر مراعات کے استعمال کو روکنے کی منصوبہ بندی کی جائیگی تاکہ آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنایا جائے۔ تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر، ریاستی اور مرکزی پولیس و نیم فوجی دستوں کے نوڈل عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے امن و ضبط کی صورتحال کی برقراری کا جائزہ لیا جائے گا۔ حیدرآباد میں قیام کے دوسرے دن تمام اضلاع کے الیکشن عہدیداروں، کمشنران، سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ ضلع واری سطح پر انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا جائے گا۔ تیسرے دن الیکشن کمیشن کی ٹیم ریاستی چیف سکریٹری، ڈائرکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کرے گی۔ ووٹرلسٹ میں ناموں کی شمولیت کیلئے شعور بیداری مہم کا جائزہ لیا جائے گا۔ ناموں کی شمولیت کی مہم میں شہریوں کی حصہ داری پر اہم شخصیتوں، نوجوان ووٹرس اور دیگر طبقات کے اجلاس منعقد کرکے جائزہ لیا جائیگا۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کے مطابق الیکشن کمیشن کی ٹیم کے سہ روزہ دورہ حیدرآباد کو قطعیت دی جاچکی ہے۔