ترواننت پورم: کیرالا کے گورنر راجندر وشواناتھ ارلیکر نے اتوار کو کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ خود کو آئین کے ان نظریات کے لیے وقف کر دیا جائے جس کے لیے ڈاکٹر بھیم راؤ رام جی امبیڈکر کھڑے رہے ۔انہوں نے یہ بات آئین ساز ڈاکٹر بھیم راؤ رام جی امبیڈکر کے یوم پیدائش کی یاد میں نہرو یووا کیندر کے ذریعہ منعقد کی گئی جئے بھیم امبیڈکر جینتی پدیاترا کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ ترقی یافتہ ہندوستان میں نوجوانوں کا بہت اہم رول ہے ، گورنر نے کہا کہ امبیڈکر کے پیغام کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ امبیڈکر کے لیے ، قوم ان کے ذہن میں سب سے اوپر تھی، نہ کہ اس کی ذات یا اس کا علاقہ۔گورنر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ڈاکٹر امبیڈکر کے نظریات سے اپنی وابستگی کا اعادہ کریں اور سماج کے پسماندہ اور کچلے طبقات کی خدمت کریں۔سابق مرکزی وزیر وی مرلیدھرن نے پدیاتریوں کو حلف کے طور پر آئین کا تمہید پڑھ کر سنائی۔