ممبئی: ا مراوتی قتل کیس کے ماسٹر مائنڈ کو ناگپور سے گرفتار کیا گیا ہے۔ مہاراشٹرا پولیس نے بتایا کہ قتل کے ماسٹر مائنڈ کا نام عرفان خان یا عرفان شیخ ہے جس کو 7جولائی تک پولیس تحویل میں دے دیا گیا ہے ۔ عرفان خان امراوتی میں رہبر نامی این جی او چلاتا ہے۔ عرفان امراوتی میں میڈیکل اسٹور چلانے والے امیش کولہے کے قتل کا ماسٹر مائنڈ بتا یا گیا ہے۔پولیس نے یہ بتایا ہے کہ عرفان کے کہنے پر اس سے قبل گرفتار 6 ملزمان نے مل کر قتل کو انجام دیا تھا۔ عرفان کے حکم کے بعد ان 6 ملزمان نے بغیر کچھ سوچے سمجھے اس واردات کو انجام دیا۔ مجموعی طور پر اس قتل کے ساتوں ملزمین اب پولیس کی حراست میں ہیں۔اس سے قبل امیش کولہے قتل کیس میں پولیس نے 6 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 302، 120 بی اور 109 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ یہ واقعہ اس وجہ سے ہوا ہے کہ امیش کولہے نے نوپور شرما کی حمایت میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا۔ اے ٹی ایس اس بات کی بھی جانچ کر رہی ہے کہ کیا ان قاتلوں نے بھی ادے پور کے درزی کنہیا لال کی طرح قتل کا انداز اپنایا تھا۔22 جون کو مہاراشٹرا کے امراوتی میں 50 سالہ امیش کولہے نامی شخص کا گلا کاٹ کر قتل کیا گیا تھا۔