بڑے بے آبرو ہو کر …………..
حیدرآباد 28 اگسٹ ( سیاست نیوز ) مجلس اتحاد المسلمین نے اپنے رکن قانون ساز کونسل مرزا رحمت بیگ کو پارٹی سے خارج کردیا ہے ۔ اس سلسلہ میں جوائنٹ سکریٹری تنظیمی امور ایس اے حسین انور کی جانب سے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے مرزا رحمت بیگ کو فوری اثر کے ساتھ مجلس سے خارج کردینے کا اعلان کیا گیا ۔ اس کے علاوہ رحمت بیگ سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر رکن قانون ساز کونسل کی حیثیت سے اپنا استعفی صدر نشین قانون ساز کونسل کو سونپ دیں اور اپنی نشست سے مستعفی ہوجائیں ۔ پارٹی سے جو اعلامیہ جاری کیا گیا ہے اس میں رحمت بیگ کو خارج کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئی ہیں اور نہ ہی کسی اور تفصیل کا انکشاف کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ مرزا رحمت بیگ نے سائبر کرائم پولیس میں ایک شکایت درج کرواتے ہوئے انہیں نامعلوم افراد کی جانب سے رقم کیلئے دھمکانے کی شکایت کی تھی اور یہ دعوی کیا تھا کہ فون کرنے والے انہیں فحش ویڈیو ز اور تصاویر وائرل کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ رحمت بیگ کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیوز ڈیپ فیک تیار کئے گئے ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ رحمت بیگ کی شکایت پر سائبر کرائم پولیس کی جانب سے ایک مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے ۔ پولیس میں یہ شکایت درج کروانے کے بعد رحمت بیگ عمرہ کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوگئے تھے ۔بعض گوشوں کا کہنا ہے کہ اس شکایت کا پارٹی کی جانب سے اخراج سے کوئی تعلق ہوسکتا ہے تاہم اس کی کوئی باضابطہ توثیق یا تردید نہیں کی گئی ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ رحمت بیگ کو عمرہ سے واپس طلب کرلیا گیا ہے اور ان کی سعودی عرب سے واپسی بھی ہوچکی ہے ۔ پارٹی سے اخراج کے مسئلہ پر رحمت بیگ نے بھی کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رحمت بیگ ہفتہ 29 اگسٹ کو صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل سے ملاقات کرتے ہوئے کونسل کی رکنیت سے استعفی بھی پیش کرسکتے ہیں ۔ استعفے کے فیصلے کا بھی رحمت بیگ نے کوئی اعلان نہیں کیا ہے ۔ رات دیر گئے اچانک ہی پارٹی سے اخراج کے احکام کی اجرائی سے مجلس کے حلقوں میں حیرت کا اظہار کیا جا رہا تھا اور کئی طرح کی چہ میگوئیاں کی جا رہی تھیں۔
ایم ایل سی رحمت بیگ کی فحش تصاویر و ویڈیو وائرل کی جائیں گی
رقم ادا کرنے کا مطالبہ ۔ سائبر دھوکہ بازوں کا انتباہ ۔ سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج
حیدرآباد 28 اگست (سیاست نیوز) مجلس کے رکن قانون ساز کونسل مرزا رحمت بیگ کے مبینہ فحش ویڈیوز عام کرنے کی دھمکی پر سائبر کرائم پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مرزا رحمت بیگ نے سائبر کرائم پولیس سے ایک شکایت درج کراتے ہوئے کہا کہ اُنھیں مسلسل نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکیاں موصول ہورہی ہیں کہ رقم نہ دینے کی صورت میں اُن کے بعض فحش ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کردی جائیں گی۔ اِن دھمکیوں کے پیش نظر ایم ایل سی نے سائبر کرائم پولیس سے شکایت درج کرائی جس پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ رکن قانون ساز کونسل نے پولیس کو بتایا ہے کہ مصنوعی ذہانت (AI) کے ڈیپ فیک ٹکنالوجی کے ذریعہ تیار کی گئی ویڈیوز کو عام کرنے کی دھمکی دی گئی ہے تاکہ اُنھیں بدنام کیا جاسکے۔ مسلسل دھمکی آمیز فون کالس موصول ہونے پر ایم ایل سی نے سائبر کرائم پولیس سے شکایت درج کروائی ہے۔ سائبر کرائم پولیس نے شکایت پر مقدمہ درج کیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ سائبر کرائم پولیس کے اعلیٰ عہدیدار اِس معاملہ کی تحقیقات کررہے ہیں اور تکنیکی شواہد کے ذریعہ دھمکی دینے والوں کی نشاندہی کی کوشش جاری ہے اور یہ بھی پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ دھمکی دینے والے افراد کے پاس آیا حقیقی ویڈیوز ہیں یا پھر وہ ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعہ تیار کئے گئے ہیں۔ (ب؍V)