امرناتھ غار کے قریب بادل پھٹ پڑے ، 16 ہلاک ، متعدد لاپتہ

   

سرینگر : جموں و کشمیر میں جمعہ کو امرناتھ کی مذہبی طور پر اہمیت کی حامل غار کے قریبی علاقہ میں بادل پھٹ پڑے ۔ کم از کم 16 افراد ہلاک ہوگئے اور زائد از 40 دیگر لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے ۔ امرناتھ یاترا کو تااطلاع ثانی روک دیا گیا ہے ۔ موسلادھار بارش کا آغاز شام تقریباً 5.50 بجے ہوا غار کے قریب بنائے گئے کمیونٹی کچن اور خیمے بارش کی نذر ہوگئے ۔ بچاؤ آپریشن سکیوریٹی فورسیس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسیوں کی طرف سے فوری شروع کیا گیا لیکن پہاڑی علاقے کی وجہ سے بہت دشواری پیش آرہی ہے ۔ چند گھنٹوں میں رات ہوگئی جس کے وجہ سے بچاؤ کاموں میں مزید دقت پیش آئی ۔ جموں وکشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم اور وزیر داخلہ کو صورتحال سے واقف کروایا ہے ۔