امریکہ میڈیا کی آزادی کیلئے لاکھوں ڈالر خرچ کر رہا ہے: اینٹنی بلنکن

   

واشنگٹن : امریکی وزیرِ خارجہ انٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں صحافی گھیرے میں ہیں اور اس گھیرے یا محاصرے کے کئی انداز ہیں جن کا بھرپور اظہار روس میں امریکی صحافی ایون گیرشکووچ کی گرفتاری اور پھرقید میں ڈالے جانے سے ہوتا ہے۔ بلنکن نے یہ بات اخبار واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں کہی۔ بلنکن نے کہا کہ انہوں نے ایون کی گرفتاری کے بعد براہِ راست روسی وزیرِ خارجہ سے اس بارے میں بات کی۔ ان پر واضح کیا کہ ایون کی رہائی کی کتنی اہمیت ہے اور یہ کہ انہیں وکیل تک رسائی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کہنے کے بعد ایون کو وکیل تک رسائی مہیا کی گئی۔ صحافیوں کی غلط اور بلا جواز گرفتاریوں کے خلاف امریکی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بلنکن نے کہا کہ اس سلسلے میں امریکہ کی جانب سے لیونسن ایکٹ (Levinson Act ) کا نفاذ کیا گیا ہے جس کے ذریعہ ان لوگوں یا حکام تک پہنچا جا سکتا ہے جو صحافیوں کو یا امریکی شہریوں کو غلط طریقہ سے حراست میں لیتے ہیں۔ اس ایکٹ کے تحت ان پر سفر کی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں یا ان کے اثاثے منجمد کیے جا سکتے ہیں۔ امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اگرچہ روس جیسے ملک نے یو کرین کے خلاف جارحیت کے باعث دنیا میں خود کو تنہا کر لیا ہے تاہم اس کے اقدامات اس کی تنہائی میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔ اور یہ پیغام دے رہے ہیں کہ، ہمارے ملک میں مت آئیں۔یہاں کا سفر نہ کریں ورنہ آپ جو کوئی بھی ہیں۔۔آپ کو سڑک پر گھسیٹا جائے گا یا جیل میں ڈال دیا جائے گا۔ بلنکن نے کہا کہ فی الوقت روس میں امریکی شہریت کا حامل کوئی صحافی موجود نہیں۔ 20 روسی ہیں جو امریکی میڈیا تنظیموں کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور اگر دنیا میں اکثریت نے روس جاکر رپورٹنگ سے انکار کر دیا تو دنیا سے روس کا رابطہ مزید کٹ جائے گا۔