امریکہ میں سلیکان ویلی کے بعد ایک اور بینک دیوالیہ

,

   

فیڈرل ریگولیٹرس نے سگنیچر بینک کو بھی بند کردیا ۔ ڈپازٹس کا تحفظ کرنے کی کوششیں

نیویارک ؍ کیلیفورنیا : امریکہ میں فیڈرل ریگولیٹرس نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ ایک اور بینک کو بند کردیا گیا اور یہ کہ حکومت یقینی بنائے گی کہ سلیکان ویلی بینک کے تمام ڈپازیٹرس کی مکمل رقومات واپس کی جائیں۔ سلیکان ویلی کا دیوالیہ جمعہ کو سامنے آیا تھا ۔ واشنگٹن نے دو بینکوں کی اندرون تین یوم ناکامی کے نتیجے میں اقتصادی نظام پر پڑنے والے منفی اثرات کو زائل کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ حکومت نے اعلان کیا کہ ڈپازیٹرس کو اپنی رقومات تک رسائی پیر 13 مارچ سے ہی حاصل ہوجائے گی ۔ نیویارک بینک ریگولیٹرس نے سگنیچرس بینک کی سرگرمیاں بند کرتے ہوئے ڈپازٹس کا تحفظ یقینی بنانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ اس دوران صدر جوبائیڈن نے بھی کہا کہ دو بینکوں کی ناکامی ہوئی ہے لیکن ڈپازیٹرس کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ۔ اُن کی رقومات محفوظ سمجھی جائیں اور حکومت رقومات تک اُن کی رسائی کو یقینی بنائے گی ۔ قبل ازیں امریکی مالیاتی نگران اداروں نے سلیکان ویلی بینک پر تالا ڈال دیا ہے ۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیکنالوجی کی دنیا کے بعض اہم ترین اداروں کو سرمایہ فراہم کرنے والے بینک ایس وی بی کے پاس فنڈز ختم ہو گئے ، کیلیفورنیا کے مالیاتی نگراں ادارے نے بینک کی سرگرمیاں جمعہ کے روز بند کر دیں۔ سلیکان ویلی بینک 2008 کے مالیاتی بحران کے بعد دیوالیہ ہونے والا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ فیڈرل ڈپازٹ انشورنس کارپوریشن کو بینک کے کھاتوں میں جمع ایک کھرب 70 ارب ڈالر سے زیادہ رقم کی نگرانی کا کام سونپ دیا گیا۔ ڈسمبر کے اختتام پر بینک کے پاس 2 کھرب 9 ارب ڈالر کے اثاثے موجود تھے ، تاہم بیالنس شیٹ کی موجودہ صورتحال غیر واضح ہے ۔10 مارچ 2023 کو دیوالیہ ہونے کے وقت سلیکان ویلی بینک امریکہ میں 16 واں سب سے بڑا بینک تھا، اور بینک کے ڈپازٹس کے لحاظ سے یہ سب سے بڑا بینک تھا۔ یہ بینک 1983 میں قائم کیا گیا تھا اور اس کے بڑے گاہک نئی کاروباری کمپنیاں تھیں۔ایک طرف فیڈرل ریزرو کے پالیسی ساز شرح سود میں اضافے کے ذریعے بڑھتے ہوئے افراط زر پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن دوسری طرف اس کے باعث ٹیک کمپنیوں کے لیے سرمائے کی فراہمی بند ہو گئی، جس کی وجہ سے بینک کے گاہکوں پر دباؤ بڑھا اور انھوں نے کھاتوں سے رقوم نکالنا شروع کر دیں۔سلیکان ویلی بینک کی طرح سگنیچر بینک میں غیر بیمہ شدہ ڈپازٹس کا بڑا حصہ تھا ۔ اس بینک سے بھی رقومات تیزی سے نکالے گئے جو بینک کے دیوالیہ ہونے کی بڑی وجہ بنا ۔