امریکی بائیو ٹیک کمپنی ایمجن کی حیدرآباد میں 1600 کرو ڑ کی سرمایہ کاری

   

روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نئی سائیٹ کا افتتاح کیا، امریکی کونسل جنرل جنیفر لارسن کی شرکت
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری (سیاست نیوز) امریکہ کی نامور بائیو ٹکنالوجی کمپنی ایمجن (AMGEN) نے حیدرآباد میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے کیلئے نئی ٹکنالوجی سائیٹ کا قیام عمل میں لایا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے ہائی ٹیک سٹی میں واقع ایمجن انوویشن سائیٹ کا افتتاح کیا ۔ ایمجن کمپنی کے صدرنشین و چیف اگزیکیٹیو آفیسر رابرٹ اے براڈ وے ، حیدرآباد میں امریکی کونسل جنرل جنیفر لارسن ، ایمجن انڈیا کے نمائندے سوم چٹواپادھیائے اور ایمجن انڈیا کے مینجنگ ڈائرکٹر نوین گلاپلی کے علاوہ پرنسپل سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے ۔ ایمجن حیدرآباد میں اپنی توسیعی سرگرمیوں کے تحت 200 ملین ڈالر یعنی 1600 کروڑ کی جاریہ سال سرمایہ کاری کرے گی۔ کمپنی آنے والے برسوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ کا منصوبہ رکھتی ہے جس کے تحت بائیو فارما شعبہ میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ ایمجن کے توسیعی منصوبہ کے تحت ادویات کی تیاری اور عصری ٹکنالوجی کے ساتھ ساتھ آرٹیفیشل انٹلیجنس اور ڈیٹا سائنس کا استعمال رہے گا۔ کمپنی جاریہ سال کے اختتام تک 1600 کروڑ کی سرمایہ کاری کیلئے ہندوستان کے بائیو ٹیک شعبہ میں اپنی طویل مدتی وابستگی کو مستحکم کرے گی۔ حیدرآباد میں ایمجن کے 300 ملازمین ہیں اور سرمایہ کاری کے تحت جاریہ سال کے اواخر تک مزید 300 ملازمین کی بھرتی کی جائے گی۔ آئندہ تین برسوں میں کمپنی کے ملازمین کی تعداد 2000 تک پہنچ جائے گی اور حیدرآبادی کمپنی عالمی آپریشنس کے لئے اہم مرکز بن سکتی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں بائیو ٹکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی معیشت کو تین ٹریلین تک پہنچانے کے نظریہ کے ساتھ حکومت کام کر رہی ہے ۔ چیف منسٹر نے امریکی کمپنی کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا بھروسہ دلایا اور کہا کہ حیدرآباد عالمی اداروں کے مرکز میں تبدیل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سائنسیس کے شعبہ میں حیدرآباد تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں لائیو سائنسیس ، فارما اور بائیو ٹکنالوجی کے شعبہ جات میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ حیدرآباد میں کئی عالمی اداروں نے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے عالمی اداروں سے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی اپیل کی۔ دنیا بھر میں تقریباً 100 ممالک میں ایمجن کے دفاتر موجود ہیں اور ملازمین کی تعداد 28000 ہے۔ امریکی کونسل جنرل جنیفر لارسن نے ایمجن کمپنی کے توسیعی منصوبہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ حیدرآباد تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ مہا کمبھ میلہ میں شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے جنیفر لارسن نے کہا کہ ہندوستان مختلف مذاہب اور تہذیبوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی حال ہی میں صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کے موقع پر مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون سے اتفاق کیا گیا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے عالمی اداروں کو حکومت کی جانب سے مراعات اور سہولتوں کا ذکر کیا اور کہا کہ بائیو ٹکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹلیجنس کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔1