احتجاجیوں نے بلنکن کو ’’ غزہ کا قصاب ‘‘ قرار دے دیا
واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کانگریس کی عمارت میں آج ریپبلکن کی زیر قیادت ہاوس کی خارجہ امور کی کمیٹی اور اسی ایوان میں ایک مختص ذیلی کمیٹی کی اپنے حالیہ دو دوروں کے بارے میں بریفنگ دینے آئے تو انہیں سخت احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکی سنیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے سامنے اپنی گواہی کے دوران سکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن کو منگل کی شام کو غزہ میں جنگ کے حوالے سے امریکی پالیسی کے ناقد کارکنوں کے بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ ناراض مظاہرین نے بلنکن کو اس وقت روک دیا جب انہوں نے ڈیموکریٹک کنٹرول والی سنیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سامنے اپنی بریفنگ دینا شروع کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے بلنکن کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور نعرہ لگائے کہ ’’ امریکی حکومت کے ہاتھ فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں‘‘ ، جنگی مجرم، غزہ کا قصاب ‘‘۔ ایک خاتون بیانر لہراتے ہوئے کانگریس کی عمارت کے اندر داخل ہوگئی جس پر بلنکن کی تصویر کے ساتھ ’’ مجرم ‘‘ کا لفظ لکھا گیا تھا۔ سیکوریٹی اہلکاروں نے خاتون کو وہاں سے باہر نکال دیا۔ بلنکن نے اسرائیل کیلئے بائیڈن انتظامیہ کی حمایت کا اعادہ کیا اور غزہ میں انسانی بحران کے خاتمہ پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔