بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ امریکہ کے ایک مشاہداتی عسکری طیارے کا آبنائے تائیوان سے گزرنا علاقائی سلامتی و استحکام کے لئے خطرہ ہے۔ چینی عوامی فوج کی مشرقی کمان گاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ایٹ اے پوسیڈون قسم کے سمندر بردار گشتی طیارے نے آبنائے تائیوان پر پرواز کی ہے جو کہ علاقائی سلامتی کیلیے خیر کی علامت نہیں ہے،اس حرکت سے خطے میں امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ چینی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اس حرکت کے بعد مزید محتاط ہو گئی ہے اور وہ ملکی سا لمیت اور بقا کا دفاع کرنے کا عزم لیے ہوئے ہے۔ واضح رہے کہ جزیرہ تائیوان اور آبنائے تائیوان کو چین اپنا علاقہ تصور کرتا ہے جوکہ خطے میں امریکی فوج کی موجودگی پر بھی نالاں ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کا ماحول پایا جاتا ہے۔