امریکی چینل سی بی ایس نیوز کی سربراہ مستعفی

   

واشنگٹن، 20 مئی (یواین آئی) امریکی نشریاتی ادارہ سی بی ایس نیوز صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ جاری تنازعہ کے دوران ایک اور نمایاں شخصیت سے محروم ہوگیا ہے ۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق، پیر کے روز ادارے کی چیف ایگزیکٹو وینڈی میکماہون نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ یہ بات ادارے کے ملازمین کو بھیجی گئی ایک اندرونی یادداشت کے ذریعے بتائی گئی۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق وینڈی میکماہون نے اس یادداشت میں گذشتہ مہینوں کو مشکل قرار دیا۔ انھوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ ادارے کے مستقبل کے حوالے سے ان کی سوچ اور کمپنی کی پالیسیوں میں واضح فرق پیدا ہو چکا تھا۔یاد رہے کہ سی بی ایس نیوزکے معروف پروگرام 60منٹ کے ایگزیکٹو پروڈیوسر بِل اووینز بھی گذشتہ ماہ ادارہ چھوڑ چکے ہیں۔ ان کے استعفے کی وجہ صدر ٹرمپ کی جانب سے اس نیوز پروگرام کے خلاف دائر کردہ ایک ارب ڈالر کی قانونی چارہ جوئی ہے ۔صدر ٹرمپ کا الزام ہیکہ 60منٹ نے ان کی ڈیموکریٹ حریف کملا ہیریس کے ساتھ ایک انٹرویو میں ایڈیٹنگ کے ذریعے رد و بدل کیا تھا، جس کے نتیجے میں “ووٹرز کے جذبات پر اثر پڑا۔ امریکی روزنامہ نیویارک ٹائمزکے مطابق، قانونی ماہرین کو اس دعوے کی کامیابی کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم سی بی ایس نیوزکی مادر کمپنی پیراماؤنٹ گلوبل میں کلیدی شیئر ہولڈر شاری ریڈ اسٹون اب بھی صدر ٹرمپ کے ساتھ کسی ممکنہ تصفیہ کی کوشش کر رہی ہیں۔