امیت شاہ کا آج ایک روزہ دورہ حیدرآباد

   

بنڈی سنجے یاترا کے اختتامی جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد۔13۔ مئی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کل 14 مئی کو حیدرآباد کا ایک روزہ دورہ کریں گے ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ پروگرام کے مطابق امیت شاہ ہفتہ کے دن خصوصی طیارہ سے دوپہر 2.30 بجے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچیں گے۔ وہاں سے رامنتا پور میں واقع سنٹرل فارنسک سائنس لیباریٹری کا دورہ کریں گے جہاں مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کی پرجا سنگرام یاترا کے اختتام کے موقع پر شہر کے مضافاتی علاقوں تکو گوڑہ آؤٹر رنگ روڈ پر منعقدہ جلسہ عام میں امیت شاہ شرکت کریں گے۔ وہ شام 6.30 سے رات 8.00 بجے تک جلسہ عام میں شرکت کرتے ہوئے خطاب کریں گے۔ رات 8.20 بجے امیت شاہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے نئی دہلی واپس ہوں گے۔ بی جے پی نے امیت شاہ کے جلسہ کیلئے بڑے پیمانہ پر تیاریاں کی ہیں۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور اطراف کے اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں بی جے پی حامیوں کو جلسہ عام میں شرکت کے انتظامات کئے گئے۔ بی جے پی کو یقین ہے کہ امیت شاہ کے دورہ سے تلنگانہ میں بی جے پی کے امکانات روشن ہوں گے۔ پرجا سنگرام یاترا کے دوران بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا ، مرکزی وزراء کے علاوہ گوا کے چیف منسٹر نے شرکت کی تھی۔ر