انتخابات میں مداخلت نہ کریں :۔ فیس بک ، واٹس اپ اور انسٹاگرام کو پارلیمانی کمیٹی کی ہدایت

,

   

نئی دہلی : پارلیمنٹ کی انفارمیشن ٹکنالوجی سے متعلق کمیٹی نے فیس بک ، واٹس ایپ او رانسٹاگرام کو ہدایت دی کہ وہ معاشرہ کو تقسیم کرنے ، تشدد پھیلانے ، قومی سلامتی پر خطرہ پیدا کرنے اور انتخابات میں مداخلت کرنے جیسی حرکتوں سے باز رہیں ۔ پارلیمنٹ انفارمیشن ٹکنالوجی کمیٹی نے سوشل میڈیا کے نمائندوں کو بدھ کے روز طلب کیا تھا اور ان کے خلاف ملنے والی شکایات پر جواب طلب کیا ۔

اس میٹنگ کے بعد پارلیمنٹ کے مستقل کمیٹی کے چیر مین انوراگ ٹھاکور نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فیس بک او ردیگر سوشل میڈیا ذرائع کے نمائندوں نے یہ یقین دہائی کروائی کہ وہ اصلاحی اقدامات کریں گے ۔ انوراگ ٹھاکور نے مزید کہا کہ فیس بک نے اپنے کچھ ملازمین کی طرف سے دہشت گردی اور پلوامہ دہشت گردانہ حملوں کے بارے میں کی گئی قابل اعتراض تبصرہ کیلئے پارلیمانی کمیٹی سے معافی مانگی ۔

پارلیمانی کمیٹی نے فیس بک حکام سے سوال کیا کہ آپ کا پلیٹ فارم معاشرہ میں بھلائی کا کام کرنے کیلئے ہے یا اس کو تقسیم کرنے کیلئے ہے ۔ کمیٹی نے ان سوشل میڈیا ذرائع کو ہدایت دی کہ وہ اپنی کارکردگی او رمواد کے قوانین کے سلسلہ میں اندرون دس دنوں میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں ۔