نئی دہلی، 07 مئی (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے بتایا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات اور ضمنی انتخابات کو لالچ اور ترغیب سے پاک رکھنے کیلئے کی گئی کارروائی کے دوران 1444 کروڑ روپے سے زائد کی نقدی، شراب، منشیات، قیمتی اشیاء اور تحائف ضبط کیے گئے ہیں۔ کمیشن کے مطابق، اس بار ضبط کی گئی رقم اور دیگر مشتبہ سامان ان ریاستوں میں 2021 کے انتخابات کے مقابلے میں 40.14 فیصد زیادہ ہے ۔ مغربی بنگال میں ضبطی میں سب سے زیادہ 68.92 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا، جبکہ تمل ناڈو میں 2021 کے مقابلے میں 48.40 فیصد زیادہ نقدی اور سامان پکڑا گیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، تمل ناڈو میں اس بار کل 662.28 کروڑ روپے کی اشیاء ضبط کی گئی ہیں، جن میں 105.22 کروڑ روپے نقد، 4.94 کروڑ روپے کی شراب، 78.61 کروڑ روپے کی منشیات، 165.86 کروڑ روپے کی قیمتی دھاتیں اور 307.65 کروڑ روپے کے تحائف شامل ہیں۔