باقی کی فہرست 10 جون تک تیار ہوگی، 24 ہزار مکانات تعمیر کے مرحلہ میں: سرینواس ریڈی
حیدرآباد 30 مئی (سیاست نیوز) وزیر مال و ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے انکشاف کیاکہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت ریاست میں ابھی تک 2.10 لاکھ استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا گیا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہاکہ 10 جون تک باقی مستحق استفادہ کنندگان کی فہرست تیار کرلی جائے گی۔ اندراماں ہاؤزنگ کے پائلیٹ پراجکٹ کے تحت 42 ہزار مکانات منظور کئے گئے جن میں سے 24 ہزار مکانات کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے۔ تقریباً 100 مکانات مکمل ہوچکے ہیں اور اُن کا افتتاح باقی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ باقی مکانات کی تعمیر جلد مکمل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اپوزیشن ارکان کو 40 فیصد استفادہ کنندگان کے انتخاب کا اختیار دیا گیا، باقی 60 فیصد استفادہ کنندگان انتخاب کی ذمہ داری اندراماں کمیٹیوں کو دی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ آئی ٹی ڈی اے کے حدود میں چنچو قبائیلی طبقہ سے تعلق رکھنے والے 9200 افراد کو مکانات منظور کئے گئے۔ حیدرآباد کے 16 سلم علاقوں میں 4 منزلہ عمارتیں تعمیر کی جائیں گی اور اُن میں مستحقین کو مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ ورنگل، نظام آباد، کریم نگر، محبوب نگر، نلگنڈہ میں بھی علیحدہ مکانات کی تعمیر کے بجائے 4 منزلہ عمارتیں تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔ اِسی دوران وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے حسن آباد میں اندراماں ہاؤزنگ کے تحت تعمیر کئے گئے ماڈل ہاؤز کا افتتاح کیا۔ اُنھوں نے اِس موقع پر 144 استفادہ کنندگان کو مکانات کے منظوری کے لیٹر حوالے کئے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت ہر غریب اور مستحق خاندان کو اندراماں اسکیم کے تحت مکان فراہم کرے گی۔1