انسانی زندگیوں کے تحفظ پر حکومت کی اولین ترجیح

   

کتہ پیٹ فروٹ مارکٹ میں ایگروس اسٹال کا افتتاح، محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت کے پاس انسانی زندگیوں کی کافی اہمیت ہے جس کی وجہ سے حکومت TS Agros کے تحت En-Ripe مصنوع (پراڈکٹ) فروغ دے رہی ہے جو پھلوں کو پکانے کیلئے مکمل محفوظ ہے۔ اس کے استعمال سے مختلف بیماریوں کی روک تھام ہوتی ہے۔ وزیر داخلہ نے کتہ پیٹ فروٹ مارکٹ میں تلنگانہ اسٹیٹ ایگروس اسٹال کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس تقریب میں وزیر زراعت نرنجن ریڈی شرکت کرنے والے تھے تاہم ان کی ناسازی صحت کی وجہ سے محمد محمود علی نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پھلوں کو پکانے کا یہ جدید طریقہ ہے جو آم کے علاوہ دوسرے پھلوں کو مصنوعی طور پر پکانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایتھنل ہے جو بہت ہی اچھا پراڈکٹ ہے جو انسانی صحت کیلئے صد فیصد محفوظ ہے۔ اس سے پھلو ں کی کوالٹی ، ذائقہ ، رنگ اور خوشبو کو بھی عمدہ بنایا جاتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عام طور پر پھل کے ہول سیل اور دیگر کاروبار کرنے والے پھلوں کو پکانے کیلئے کیلشیم کاربوئیٹ اور چینی پاؤڈر کا استعمال کرتے ہیں جو انسانی صحت کیلئے نقصاندہ ثابت ہوتے ہیں اس کے استعمال سے خطرناک بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں۔ حکومت نے پھلوں کو پکانے کیلئے استعمال ہونے والی کاربائیٹ اور کیمیکلس کے استعمال پر پہلے ہی امتناع عائد کردیا ہے۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ وزیر داخلہ نے پھلوں کو پکانے کیلئے اس پراڈکٹ کو استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔ بعد ازاں محمد محمود علی نے کورونا کے واقعات میںتیزی سے اضافہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ احتیاطی اقدامات کریں۔ ماسک کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور سماجی دوری برقرار رکھیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام نائیٹ کرفیو میں مکمل تعاون کریں۔