ماسکو ؍ جکارتہ ۔ 20 جون (ایجنسیز) روس اور انڈونیشیا کے رہنماؤں نے سینٹ پیٹرزبرگ میں ملاقات کی، جہاں انہوں نے مضبوط دو طرفہ تعلقات اور برکس گروپ میں جکارتہ کے نئے کردار کی تعریف کی۔ انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے جمعرات کو سینٹ پیٹرزبرگ میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ بات چیت کے بعد روس کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدہ پر دستخط کیے۔ جو ایسے وقت ہوا ہے جب انڈونیشیا برکس گروپ میں ایک مکمل رکن کے طور پر داخل ہوچکا ہے۔ سوبیانتو نے برکس کا رکن بننے میں مدد کے لیے روسی صدر پوٹن کا شکریہ ادا کیا۔پرابوو سوبیانتو نے ایک بیان میں کہا کہ آج ہم نے ملاقات کی اور ہمارا رشتہ پھر سے مضبوط ہو رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ صدر پوٹن کے ساتھ میری آج کی ملاقات زبردست، گرمجوشی سے بھرپور اور نتیجہ خیز رہی۔ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادیات، تکنیکی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت کے تمام شعبوں، ان سب میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ پوٹن نے انڈونیشیا کو ایشیا بحرالکاہل میں روس کا ایک اہم شراکت دار قرار دیا۔