جکارتہ : انڈونیشیا کے مغربی سماٹرا صوبہ میں میراپی آتش فشاں پھٹنے سے جمع ہونے والی چٹانوں، راکھ اور مٹی کے ڈھیروں کے مانسون اور سیلاب کے باعث گرنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 58 ہو گئی۔نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی کے بیان کے مطابق سماٹرا میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہلاک ہونے والے مزید 7 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک 58 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہو چکے ہیں۔ ریاست بھر میں 3 ہزار 396 افراد بے گھر ہوئے جبکہ 27 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ سیلاب سے کئی گھر زیر آب آگئے اور متعدد دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔اس قدرتی آفت سے متاثرہ علاقوں میں موبائل کچن اور موبائل پانی صاف کرنے کی تنصیبات قائم کی گئی ہیں۔میراپی آتش فشاں پہلی بارگزشتہ برس 3 دسمبر کو زور دار دھماکے سے پھٹا تھا۔ جس کے بعد سے اس میں وقتاً فوقتاً دھماکے ہوتے رہتے ہیں۔
افغانستان، فوجی ہیلی کاپٹر گرکر تباہ
کابل : افغانستان کے صوبہ غور میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر دریا کے کنارے گر کر تباہ ہو گیا۔بتایا گیا ہے کہ فوجی ہیلی کاپٹر ملک کے وسطی علاقے میں واقع صوبہ غور کے فیروز کوہ شہر میں دریائے ہریرود کے کنارے گر گیا۔اس حادثہ کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا تاہم کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔