جکارتہ :6 ستمبر ( یو این آئی ) انڈونیشیا کے آناک کراکاٹوا نامی آتش فشاں پھٹنے سے دارالحکومت جکارتہ کے مرکزی ائیرپورٹ سے سیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ماؤنٹ آناک کراکاٹوا میں آتش فشاں پھٹنے سے لاوا پوری طاقت سے اوپر کی جانب سے گیا اور راکھ کے بادل پھیل گئے۔اس کے نتیجے میں جکارتہ کا Soekarno-Hatta انٹرنیشنل ائیرپورٹ میں عارضی طور پر فلائٹ آپریشنز معطل کر دیا گیا۔مجموعی طور پر 200 سے زائد مقامی و بین الاقوامی پروزیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔یہ آتش فشاں جمعہ کو رات گئے پھٹا تھا اور راکھ کے بادل جاوا کی سمت 20 ہزار جبکہ سماٹرا اور صوبہ بانٹین کی جانب 50 ہزار سے زائد فٹ بلندی پر گئے تھے۔متاثرہ حصوں میں متعدد اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں جبکہ رہائشیوں کی جانب سے آنکھوںمیں جلن اور نظام تنفس کے مسائل کو رپورٹ کیا گیا۔انڈونیشیا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قائم کیے گئے ادارے بی این پی بی نے عوام سے پرسکون رہنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ صورتحال کے حوالے سے محتاط رہیں۔ادارے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آتشی راکھ کی بارش کے باعث لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فیس ماسک پہنیں اور آنکھوں کی حفاظت کا خیال رکھیں، باہری سرگرمیوں کو محدود رکھیں، پانی کے ذخائر کو ڈھانپ کر رکھیں اور ڈرائیونگ کرتے ہوئے احتیاط کریں۔ترجمان کے مطابق آتش فشاں پھٹنے سے خطے میں فی الحال کسی سونامی کا خطرہ سامنے نہیں آیا۔اس آتش فشاں کے پھٹنے کے بعد لاوا کسی فوارے کی طرح فضا میں گیا اور اس کی آواز 700 کلومیٹر دور تک سنی گئی۔