انڈونیشیا میں شدید بارش اور سیلاب ، دو ہلاک

   

بنڈونگ (انڈونیشیا) ۔ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا کے کچھ علاقوں میں شدید بارش اور سیلاب سے دو ہلاک اور چھ افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ ڈیساسٹر ایجنسی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ حالات اتنے سنگین ہیں کہ متاثرہ مقام سے ہزاروں افراد کا تخلیہ کروایا جارہا ہے۔ بارش کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ دریائے سیتارم اس وقت زبردست طغیانی پر ہے جہاں ساحل تک پانی ہی پانی نظر آرہا ہے جو اب ایک خطرناک سیلاب کی صورت اختیار کر گیا ہے۔ بنڈونگ سٹی کے نواحی علاقوں میں لوگ سینے کی اونچائی تک پانی میں گزرتے ہوئے محفوظ مقامات کو منتقل ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ تصاویر سے بھی یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہیکہ جو علاقے زیرآب ہیں وہاں کشتیاں چلائی جارہی ہیں۔ اب تک دو ہلاکتوں کی اور چھ افراد کے لاپتہ ہونے کی توثیق کی گئی ہے۔ نیشنل ڈیساسٹر ایجنسی کے ترجمان سوتوپو پروونگروہو نے یہ بات بتائی۔