نئی دہلی : ہندوستان اور چین کے سینئر فوجی کمانڈروں نے پیر کو پانچ نکاتی معاہدہ پر عمل آوری کے بارے میں بات چیت منعقد کی ۔ یہ معاہدہ دونوں ملکوں میں مشرقی لداخ میں فوجی دستوں کو پیچھے ہٹانے اور کشیدہ صورتحال کو ختم کرنے کے سلسلے میں طئے کیا ہے۔ حکومتی ذرائع نے کہاکہ مشرقی لداخ میں ہندوستان کے چوشول سیکٹر کے پار حقیقی خط قبضہ (ایل اے سی ) کی چینی سمت پر مولدو میں صبح 9 بجے کور کمانڈر سطح کی چھٹے دور کی بات چیت شروع ہوئی ۔ ہندوستانی وفد کی قیادت لیفٹننٹ جنرل ہریندر سنگھ ، کمانڈر لیہہ 14 کور کررہے ہیں ۔ چین کی طرف سے ساؤتھ سنکیانگ ملٹری ریجن کے کمانڈر میجر جنرل لیو لین نے اپنے وفد کی قیادت کی۔ دونوں طرف سے اعلیٰ سطح کے عہدیدار بھی شریک ہوئے ۔ تادم تحریر میٹنگ جاری تھی ۔ ذرائع نے بتایا کہ پیر کی بات چیت کا ایجنڈا معاہدہ پر عمل آوری کیلئے وقت کا تعین کرنا ہے ۔