۔ (سورۂ الم نشرح : ۴)
حضور کے سوانح پر اپنوں اور بیگانوں نے جتنی کتابیں لکھی ہیں دنیا کے کسی نبی، مصلح، فاتح اور سلطان کے بارے میں نہیں لکھی گئیں بےشمار اعلی پایہ کے لوگوں نے حضور کریم ؐکے ذکر پاک کو بلند کرنے کےلئے جس طرح اپنی زندگیاں ، اپنی علمی قوتیں ، روحانی لطافتیں ، اپنا مال اور اپنے وسائل وقف کیے ہیں، کسی دوسرے کے بارے میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ آپ کے عشاق نے نثر ونظم میں انسانیت کو جو پاکیزہ ادب عطا فرمایا ہے اس کی نظیر بھی نہیں ملتی۔ لا دینیت کے اس دور میں آپ کے دین کی تبلیغ اور آپ کی سنت کے احیاء کی کوششیں بڑے خلوص سے کی جارہی ہیں۔ آپ کا نام پاک لے کر ، آپ کا ذکر خیر کر کے اور آپ کے محاسن سن کر کروڑوں دلوں کو جو سرور وفرحت نصیب ہوتی ہیں اس کا جواب نہیں۔ اپنے تو رہے ایک طرف، بیگانوں اور متعصب مخالفوں کو بھی بارگاہ رسالت میں خراج عقیدت پیش کرنے کے بغیر چارہ نہ رہا۔