مختلف اضلاع کی نمائندہ شخصیتوں نے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کو تہنیت پیش کی
حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ الحاج محمد سلیم نے مختلف اضلاع کے معززین اور سماجی شخصیتوں کو تیقن دیا کہ تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رہے گی۔ انہوں نے میدک ، ظہیر آباد ، محبوب نگر ، سدی پیٹ ، سنگا ریڈی اور وقار آباد سے تعلق رکھنے والے مقامی قائدین سے ملاقات کی جو ان کی گلپوشی کیلئے حج ہاؤز پہنچے تھے۔ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او ایم ایس 15 پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کے لئے یہ قائدین حج ہاؤز پہنچے ۔ انہوں نے صدرنشین وقف بورڈ کی گلپوشی کی اور کہا کہ چیف منسٹر سے ملاقات ممکن نہیں ہے ، لہذا وہ صدرنشین وقف بورڈ کے ذریعہ یہ پیام پہنچانا چاہتے ہیں کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی چیف منسٹر نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں دلچسپی لی ہے۔ چیف منسٹر نے اسمبلی میں جو وعدہ کیا تھا ، اس کی تکمیل کرتے ہوئے جی او جاری کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے نہ صرف جائیدادوں کے رجسٹریشن پر پابندی عائد کی بلکہ غیر مجاز تعمیرات کو روکنے کیلئے بلدیات کو ہدایات جاری کی گئی ہے۔ حکومت کے احکامات کے بعد ریاست میں اوقافی جائیدادیں اور اراضیات محفوظ ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے مختلف اضلاع سے پہنچنے والے نمائندوں کو یقین دلایا کہ حکومت سنجیدگی کے ساتھ احکامات پر عمل کرے گی اور وقف بورڈ کی جانب سے تمام ضلع کلکٹرس اوررجسٹریشن دفاتر کو اوقافی جائیدادوں کی تفصیلات روانہ کی جارہی ہیں۔ محمد سلیم نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں وعدہ کے مطابق احکامات کی اجرائی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کی آمدنی میں اضافہ کے ذریعہ مسلمانوں کی بھلائی کی اسکیمات پر عمل کیا جائے گا۔