امیدوار جیون ریڈی اور رکن راجیہ سبھا سریش ریڈی تشہیری ویان سے نیچے گر پڑے ، جلسہ ملتوی
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ ریاستی وزیر کے ٹی آر ضلع نظام آباد آرمور میں انعقاد کردہ بی آر ایس پرچہ نامزدگی ریالی میں اوپن ٹاپ گاڑی پر سوار تھے ۔ ڈرائیور کی جانب سے اچانک بریک لگانے سے گاڑی کی ریلنگ ٹوٹ گئی ۔ کے ٹی آر اوندھے منھ گر گئے جس پر ان کے گن مین نے فوری چوکسی اختیار کی اور کے ٹی آر کو تھام لیا تاہم گاڑی کی دونوں جانب کھڑے ہوئے بی آر ایس کے امیدوار جیون ریڈی اور رکن راجیہ سبھا آر سریش ریڈی اچھل کر گاڑی سے نیچے گر گئے اس حادثے میں تینوں معمولی زخمی ہوگئے ۔ یہ اتفاقی حادثہ ریاست کے سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گیا ۔ کویتا ، ہریش راؤ کے علاوہ دیگر وزراء اور دیگر قائدین ٹیلی فون کرتے ہوئے کے ٹی آر سے خیریت دریافت کی ۔ اسمبلی حلقہ آرمور کے بی آر ایس امیدوار جیون ریڈی نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ انہوں نے ہزاروں پارٹی کارکنوں کے ساتھ بھاری ریالی منظم کی اس ریالی میں کے ٹی آر ۔ آر سریش ریڈی کے علاوہ پارٹی کے دوسرے اہم قائدین نے شرکت کی ۔ ریالی میں شرکت کرنے کے بعد کے ٹی آر جلسہ عام سے بھی خطاب کرنے والے تھے تاہم اس حادثہ کے بعد بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے جلسہ عام کو ملتوی کردیا ۔ کے ٹی آر نے اس حادثہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیور کی جانب سے اچانک بریک لگادینے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ہے ۔ میں خوش قسمت ہوں مجھے کچھ بھی نہیں ہوا ہے ۔ وہ پوری طرح محفوظ اور صحت یاب ہے ۔ ان کے حادثہ پر پارٹی کیڈر اور ان کے چاہنے والوں کو پریشانی اور تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ آرمور کے جلسہ عام کو ملتوی کرتے ہوئے کے ٹی آر کوڑنگل میں منعقد ہونے والے روڈ شو میں حصہ لینے کے لیے روانہ ہوگئے ۔۔ ن