بھونیشور، 23 دسمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے اوڈیشہ کے وزیر اعلی موہن چرن مانجھی سے اوڈیشہ اسٹیٹ بیک ورڈ کلاس کمیشن (او ایس سی بی سی) کی تشکیل نو کرنے کی اپیل کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ کو لکھے خط میں پردھان نے کہا کہ کمیشن کی تشکیل نو سماجی انصاف کو یقینی بنانے اور پسماندہ طبقے کے لوگوں کی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی مدت 3 جنوری 2024 کو ختم ہو گئی ہے اور ابھی تک کسی نئے ممبر کا تقرر نہیں کیا گیا ہے ۔ مرکزی وزیر نے نوٹ کیا کہ اڈیشہ میں تقریباً 216 سماجی اور تعلیمی طور پر پسماندہ طبقات (ایس ای بی سی) کمیونٹیز ہیں، جو ریاست کی آبادی کا ایک اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے کام نہ کرنے کی وجہ سے ان کمیونٹیز کے لوگوں کو تعلیم، روزگار اور مختلف فلاحی اسکیموں کے فوائد تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
