اُم المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ

   

خواجہ رحیم الدین صدیقی
حضور اکرم ﷺ نے فرمایا دنیا کی عام چیز یں عارضی ہیں اور فائدہ حاصل ہوتا رہتا ہے لیکن دنیا کی شاندار اور فائدہ اُٹھانے کی چیز نیک سیرت عورت ہے ۔ رسول اکرم اُم المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے بہت محبت کرتے تھے ۔ حضرت عائشہ فرماتی ہیں جب حضور اکرم ﷺ بیمار تھے ہر روز اپنی بیویوں سے دریافت کرتے تھے کل میں کہاں رہوں گا ۔ آپ کا خیال تھا عائشہ ؓ کا دن کب آئے گا ۔ (بخاری شریف ) آپؓ مزاج شناس تھیں ، آپ کی بیویوں نے بخوشی رسول اکرم کو اختیار دیدیا جہاں آپؐ مناسب سمجھیں رہ جائیں ، اجازت ملنے پر آپؐ حضرت عائشہؓ کے کمرے میں گئے اور وہیں آپؐ نے دنیا سے پردہ فرمایا اور آپؐ کی آخری آرامگاہ بھی وہیں بنی ۔ رسول اکرم ﷺ فرماتے ہیں اپنی بیوی سے دل لگی کرنا ، ہنسنا بولنا اور جائز باتوں کو سننا سنت ہے ۔ حضرت عائشہ فرماتی ہیں رسول اکرم ﷺ کا ارشاد ہے اگر شوہر کنجوس ہے ، بیوی بچوں کی گزر بسر کے لئے خرچ برابر نہیں دے رہا ہو تو بغیر اطلاع کے اپنے اور اپنے بچوں کو کھلانے کیلئے شوہر سے حاصل کرلے سکتے ہیں ۔ نبی اکرم ﷺ فرماتے ہیں انسان کے گنہگار ہونے کے لئے یہ کافی ہے کہ اپنے بچوں ، بیوی اور نوکر کا کھانا روک دے ‘‘ ۔
حضرت عائشہ صدیقہؓ فرماتی ہیںکہ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا ’’جب تم مجھ سے ناراض ہوتی ہو تو مجھے معلوم ہوجاتا ہے اور جب خوش ہوتی ہو تو وہ بھی معلوم ہوجاتا ہے ‘‘ ۔ اس پر اُم المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ نے فرمایا : ’’خدا کی قسم حضور ! جب آپ سے ناراض ہوتی ہوں تو صرف آپ کا نام لینا چھوڑ دیتی ہوں لیکن آپ کی محبت سے دل ہمیشہ لبریز رہتا ہے ‘‘۔
حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں حضور اکرم ﷺ نے فرمایا ’’ایمان میں سب سے زیادہ مکمل وہ شخص ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہوں اور اپنی بیوی کے ساتھ سب سے زیادہ نرمی اور اچھا برتاؤ کرتا ہو‘‘ ، جتنا ایمان کامل ہوگا اُتنا ہی بااخلاق اور خوش خلق ہوگا ۔ ہر خاوند کو چاہئے کہ اپنی بیوی کے حقوق ادا کرے جس طرح سرکارِ دوعالم نے حقوق ادا فرمائے تھے ۔ بیوی کو بُرا بھلا کہنے والا خاوند فاسق اور اﷲ کا نافرمان ہے۔ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا حلال چیزوں میں اﷲ کی سب سے زیادہ ناپسندیدہ چیز طلاق ہے ، اﷲ کو یہ فعل پسند نہیں ‘‘ ۔
رسول اکرم ﷺ فرماتے ہیں عورت کو چاہئے کہ وہ بدکاری نہ کرے اور مرد کو چاہئے کہ وہ تہمت نہ لگائے ۔ اُم المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہؓ کے فرمان کو ہر عورت و مرد آداب زندگی بنالیں تو دین و دنیا میں کامیاب و کامران ہوجائیں گے ۔