جگہ، اساتذہ اور ادارہ کی معلومات فراہم کرنے یکم دسمبر تک مہلت
گوہاٹی :آسام حکومت نے ریاست کے تمام مدارس کو اپنی مکمل تفصیلات ریاستی حکومت کے پاس جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے لیے مدارس کے ذمہ داران کو یکم دسمبر تک کا وقت دیا گیا ہے۔ مدارس کو اپنی جگہ، اساتذہ اور ادارہ سے جڑی تمام معلومات دینے کے لیے کہا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک سینئر افسر نے بتایا کہ چہارشنبہ کو پولیس ڈائریکٹر جنرل بھاسکرجیوتی مہنت، سیکنڈری ایجوکیشن ڈائریکٹر ممتا ہوجائی، سرکردہ سرکاری افسران اور مدارس کے نمائندوں کی میٹنگ ہوئی تھی۔ اس میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ تمام مدارس کو اپنی تفصیلات حکومت کو دینی ہوگی اور اس کے لیے یکم دسمبر آخری تاریخ ہے۔سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ مدارس کو ان تنظیموں کے ذریعہ سے سیکنڈری ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کو اپنی تفصیلات دینی ہوں گی جن کے تحت وہ کام کرتے ہیں۔ یعنی مدارس کے ذمہ داران براہ راست اپنی تفصیلات جمع نہیں کریں گے بلکہ اس ادارہ کی طرف سے تفصیلات جمع کیے جائیں گے جس کے تحت مدارس چل رہے ہیں۔واضح رہے کہ جاریہ سال کے آغاز میں آسام کے کچھ مدارس میں پڑھا رہے اساتذہ پر انگلیاں اٹھائی گئی تھیں۔ کچھ اساتذہ کو گرفتار بھی کیا گیا تھا جن پر الزام ہے کہ وہ اے کیو آئی ایس اور انصاراللہ بنگلہ ٹیم (اے بی ٹی) سے مبینہ طور پر روابط رکھتے ہیں۔ ان کی گرفتاری کے بعد ریاست کے کئی مدارس جانچ کے دائرے میں آ گئے تھے۔ رواں سال اب تک ریاست میں شدت پسند تنظیموں سے رابطہ کے الزام میں اساتذہ سمیت مجموعی طور پر 47 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔