امرتسر، 20 نومبر (ایجنسیز) اٹلی میں مقیم ایک سکھ خاندان نے کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کے آبائی مکان کو میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اٹلی میں ہندوستانی سکھ برادری کے صدر سکھدیو سنگھ کانگ نے اس مکان کو 2020ء میں خریدا تھا۔ یہ چھ کمروں پر مشتمل مکان اٹلی کے صوبہ وینچنزا کے گاؤں لوسیانا میں واقع ہے، جہاں سونیا گاندھی نے اپنے بچپن کے ابتدائی ایام گزارے تھے۔ سکھدیو سنگھ کے مطابق ان کا خاندان اس مکان کو سونیا گاندھی کے خاندان اور ان کی ابتدائی زندگی سے متعلق تاریخی یادگار کے طور پر محفوظ رکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی کی حالیہ یادداشتوں پر مشتمل کتاب کے بعد ان کی زندگی کے ابتدائی دور میں عوامی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔ دنیا بھر میں سونیا گاندھی کی کتاب کو مقبولیت حاصل ہورہی ہے اور اُن کے بارے میں معلومات میں دلچسپی بڑھی ہے۔ سکھدیو سنگھ نے سونیا گاندھی اور ان کے بچوں راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے تاکہ میوزیم میں رکھی جانے والی خاندانی تصاویر، ذاتی اشیاء اور دیگر یادگاروں کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سونیا گاندھی اور ان کے بچے اس مکان کا دورہ کریں تو ان کا خاندان اسے اپنے لیے اعزاز تصور کرے گا۔ مکان کے باہر ایک تختی نصب ہے جس پر اسے سونیا گاندھی کی جائے پیدائش قرار دیا گیا ہے۔ اس مکان کو دیکھنے کے لیے ہندوستانی سیاحوں کی آمد میں بھی اضافہ ہورہا ہے، جس سے مقامی کاروبار اور سیاحت کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ سکھدیو سنگھ کے مطابق ان کا خاندان اس مکان کو کرایہ پر دینے یا گردوارے میں تبدیل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا بلکہ اسے سونیا گاندھی کے خاندان سے وابستہ تاریخی یادگار کے طور پر برقرار رکھنا چاہتا ہے۔