’’ اعظم خان کو ضمانت پر رہنے دیں،آسمان نہیں گرے گا‘‘

,

   

سپریم کورٹ کا ای ڈی کو جواب، آج سماعت متوقع،گرفتاری پر ہائی کورٹ نے بھی اٹھائے سنگین سوالات

نئی دہلی، 18 نومبر (ایجنسیز) منی لانڈرنگ کیس میں سماج وادی پارٹی کے رہنما محمد اعظم خان کو الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے دی گئی عبوری ضمانت کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ ای ڈی نے عدالت عظمیٰ سے ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگانے کی درخواست کی، تاہم سپریم کورٹ نے فوری طور پر کوئی راحت دینے سے انکار کرتے ہوئے معاملے کی سماعت جمعرات کو مقرر کرنے پر اتفاق کیا۔ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس سوریا کانت کے سامنے معاملہ پیش کرتے ہوئے عبوری حکم جاری کرنے اور موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کی درخواست کی۔ تاہم عدالت نے فوری مداخلت کی ضرورت محسوس نہیں کی۔ اس موقع پر جسٹس جوی مالیا باگچی نے ریمارکس دیے کہ ’’آسمان نہیں گر جائے گا، انہیں عبوری ضمانت پر رہنے دیں۔‘‘یہ معاملہ اعظم خان کو الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں 10 دسمبر تک عبوری ضمانت دیے جانے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔ جسٹس راجیو گپتا اور جسٹس دیویندر سنگھ پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ذاتی مچلکے اور اسی رقم کے دو ضمانتوں کی شرط پر انہیں راحت دی تھی۔ ہائی کورٹ نے ای ڈی کو کیس کے بنیادی پہلوؤں پر اپنا جواب داخل کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت بھی دی تھی۔ ہائی کورٹ میں اعظم خان کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے دلائل پیش کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ ان کے موکل کے خلاف کارروائی سیاسی انتقام اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان کو مسلسل نئے مقدمات میں گرفتار کرکے طویل عرصے تک جیل میں رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اعظم خان کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ 19 اکتوبر کو ای ڈی نے 2019 کے ایک پرانے معاملے میں مزید 29 ایف آئی آرز شامل کیں، جن میں پین کارڈ اور پیدائش سرٹیفکیٹ سے متعلق مقدمات بھی شامل تھے۔ ان مقدمات میں اعظم خان کو پہلے ہی مختلف عدالتوں سے قانونی راحت مل چکی تھی۔28 اکتوبر کو ای ڈی نے جوہر یونیورسٹی کی زمین اور عمارتوں کو عارضی طور پر منسلک کرنے کا حکم جاری کیا، جبکہ 29 اکتوبر کو الہ آباد ہائی کورٹ نے پین کارڈ کیس میں اعظم خان کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت دے دی تھی۔ہائی کورٹ کے حکم کے بعد اعظم خان کو 31 اکتوبر کو شام 7 بج کر 10 منٹ پر رامپور ضلع جیل سے رہا کیا گیا، تاہم جیل کے مرکزی گیٹ سے باہر نکلتے ہی ای ڈی کی ٹیم نے انہیں سات سال پرانے ای سی آئی آر کیس میں دوبارہ گرفتار کر لیا۔ اگلے روز انہیں غازی آباد کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ کپل سبل نے عدالت کی توجہ ان دستاویزات کی جانب بھی مبذول کرائی جن میں گرفتاری کی وجوہات درج تھیں، لیکن ان کی تیاری کی جگہ، تاریخ اور وقت خالی چھوڑے گئے تھے۔ سبل کے مطابق 31 اکتوبر کی رات اعظم خان کی بہن کو بھیجے گئے واٹس ایپ پیغام اور ای میل میں گرفتاری کی بنیادیں منسلک نہیں تھیں۔

ایس پی لیڈر اعظم خان تقریباً 11ماہ بعد جیل سے رہا
غازی آباد، 18 نومبر (یو این آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر رہنما محمد اعظم خان چہارشنبہ کی شام غازی آباد کی ڈاسنا جیل سے رہا ہو گئے ۔ وہ تقریباً 11 ماہ بعد جیل سے باہر آئے ہیں۔جیل سے رہائی کے بعد ان کے دونوں بیٹوں ادیب اور عبداللہ نے باہر آکر ان کا استقبال کیا۔ اعظم خان کی رہائی کا پروانہ چہارشنبہ کی شام تقریباً 4:30 بجے ڈاسنا جیل پہنچا تھا۔ کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔ اس دوران جیل کے باہر 500 سے زیادہ حامی موجود تھے ۔ ان کی منہ بولی بیٹی ایکتا کوشک بھی جیل پہنچی تھیں۔ اعظم خان 31 اکتوبر کو رام پور جیل سے رہا ہوئے تھے ، لیکن انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے انہیں فوراً گرفتار کر لیا تھا۔