اپنی زندگی سنواریئے …!

   

ڈاکٹر قمر حسین انصاری
اپنی زندگی سنواریئے چاہے آپ عمر کے کسی بھی حصے میں ہوں ۔ ہماری زندگی اللہ کی طرف سے ایک امانت ہے ، ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم ہماری زندگی کو صحتمند بنائیں اور اُس کی اچھی طرح حفاظت کریںاور اُسے قرآن اور سنت سے سنواریں۔
انسان بسا اوقات یہ چاہتا ہے کہ اپنی زندگی کا نیا صفحہ کھولے لیکن ایسا کرنے کے لئے وہ قدرت کے کسی کرشمہ کاانتظار کرتا رہتا ہے یا ایسا سوچتا ہے کہ نئے سال سے یا کسی خاص موقعہ سے اپنی زندگی بدل دے گا لیکن یہ سوچ سے آگے نہیں بڑھتا اور زندگی کا صفحہ بند کا بند ہی رہ جاتا ہے اور یہ محض سُستی اور کاہلی کی وجہ سے ہوتا ہے ۔
ہمیشہ خوش و خرم ہشاش بشاش اور چاق و چوبند رہئے اور مسکراہٹ ، خوش اخلاقی اور زندہ دلی سے اپنی زندگی کو آراستہ کیجئے اور صحت مند رہئے ۔ غم غصّہ ، فکر و رنج ، جلن و حسد ، تنگ نظری سے دور رہئے ۔
نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے : ’’سیدھے سادھے رہو ، میانہ روی اختیار کرو اور ہشاش بشاش رہو ۔ ( مشکوٰۃ )
حضرت عبداﷲ بن حارث سے روایت ہے ’’میں نے نبی کریم ﷺ سے زیادہ مسکراتے کوئی شخص نہیں دیکھا ‘‘ (ترمذی)
رسول اﷲ ﷺ نے اپنی اُمت کو کیا پیاری دُعا سکھلائی اس دُعا کو زیادہ سے زیادہ پڑھتے رہئے :
اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ أَعُوْذُبِکَ مِنَ الْھَمِّ وَالْحُزْنِ وَالْعَجْزِ وَالْکَسَلِ وَالْجُبْنِ وَالْبُخْلِ وَضَلَعِ الدَّیْنِ وَغَلَبَۃِ الرِّجَال
’’یا اﷲ میں اپنے کو تیری پناہ میں دیتا ہوں ، پریشانی سے غم سے ، بے چارگی سے ، کاہلی سے ،بزدلی اور بخل سے، قرض کے بوجھ سے اور اس بات سے کہ لوگ مجھ کو دباکر رکھیں‘‘ ۔
فرض ، قرض اور مرض کو کبھی مت ٹالیے ، ہم پر تمام فرائض کی ادائیگی لازم ہے جیسے نماز ، روزہ ، زکوٰۃ وغیرہ ، بیماری کا فوراً علاج کروائیے کیونکہ ایک بار جب صحت بگڑتی ہے تو پھر مشکل سے بنتی ہے۔ ہماری معمولی غفلت سے چھوٹی بیماری بڑی ہوکر زندگی کو اجارن بنادیتی ہے ۔ بالکل اسی طرح قرض بھی جتنا جلد ہوسکے ادا کردیجئے ۔
جو شخص حالات سے متاثر ہوئے بغیر عزم و استقلال اور دور اندیشی سے آگے بڑھتا رہتا ہے وہی زندگی میں کامیاب اور کامران ہوتا ہے ۔
موجودہ وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھاکر، ٹال مٹول ، انتظار اور کاہلی کو اپنے سے دور رکھ کر آپ اپنے مستقبل کی تعمیر کرسکتے ہیں ۔حضرت ابواُمامہ سے روایت ہے : نبی کریم ﷺ نے فرمایا ’’سادہ زندگی گذارنا ایمان کی علامت ہے ‘‘ ۔ (ابوداؤد)
اپنی جسمانی قوتوں کو محفوظ رکھیئے تیراکی (Swimming) جسم کی بہترین ورزش ہے خود بھی سیکھیئے اور اپنے بچوں کو بھی سکھلائیے ۔ نبی کریم ﷺ کو تیراکی کے ساتھ ساتھ گھوڑ سواری اور تیراندازی بھی بہت پسند تھیں بروایت حضرت عقبہؓ ۔ (ابوداؤد)
صبح جلد اُٹھیے اور رات کو جلد سوجائیے ۔ فجر کی نماز ناغہ مت کیجئے آج کل کا ماحول بالکل اُلٹ گیا ہے ۔ رات بھر جاگنا فضول کی باتوں میں چبوترے پر اور پھر دن بھر سونے میں گذاردینا ہماری زندگی کا معمول بن گیا ہے جس سے ہم کسی کام کے قابل نہیں رہتے ۔
ہر کام میں اعتدال اور سادگی اختیار کیجئے ، سونے میں ، کھانے پینے میں جسمانی محنت میں ، دماغی محنت میں ، ازدواجی تعلقات میں ، عبادات میں ، تفریحات میں ۔ اپنے جسم پر اُتنا ہی بوجھ ڈالیئے جتنا وہ برداشت کرسکتا ہے ۔
اپنے نفس پر کنٹرول کیجئے ۔ اپنے خواہشات ، جذبات خیالات اور شہوات پر قابو رکھیئے ۔ اﷲ کے ہر فیصلے پر خوش رہئے اور الحمدﷲ کہئیے زندگی کے ہر لمحہ اور حالات میں اﷲ کے شُکر گذار رہئے ۔
جیسا کہ اﷲ تعالیٰ سورۂ ابراہیم میں فرماتا ہے :
’’اگر تم شُکر کروگے تو میں تمہیں زیادہ دوں گا اور اگر ناشکری
کروگے تو یاد رکھو میرا عذاب بھی سخت ہے ‘‘۔