چیف منسٹر ریونت ریڈی ، بھٹی وکرامارکا، مہیش کمار گوڑ، عامر علی خاں اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔/18ڈسمبر، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی نے آج حیدرآباد میں ’’چلو راج بھون ‘‘ احتجاج منظم کرتے ہوئے اڈانی ۔ مودی ملی بھگت اور منی پور میں تشدد کے خلاف احتجاج کیا۔ نیکلس روڈ پر واقع مجسمہ اندرا گاندھی سے احتجاجی ریالی کا آغاز ہوا جو راج بھون پر اختتام کو پہنچی۔ اڈانی کی کمپنیوں کی مالی بے قاعدگیوں کے خلاف کارروائی میں مرکزی حکومت کی ناکامی اور منی پور کے پُرتشدد واقعات پر مرکز کے تساہل کو نشانہ بناتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔ ریالی میں مودی۔ اڈانی بھائی بھائی کے نعرے لگائے گئے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر تمام ریاستوں میں کانگریس پارٹی نے ’ چلو راج بھون ‘ احتجاج منظم کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، ریاستی وزراء پونم پربھاکر، پی سرینواس ریڈی، ڈی سیتکا ، سریدھر بابو، کونڈا سریکھا ، دامودھر راج نرسمہا کے علاوہ رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں، حکومت کے مشیر برائے اقلیت محمد علی شبیر، سابق رکن پارلیمنٹ محمد اظہر الدین، جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی محمد فیروز خاں اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ احتجاج کی خصوصیت یہ رہی کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی راج بھون کے سامنے سڑک پر بیٹھ گئے اور احتجاج درج کرایا۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ اڈانی کے مسئلہ پر کانگریس پارٹی احتجاج جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اڈانی اور ان کی کمپنیوں کی بے قاعدگیوں کے خلاف اگر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی ( جے پی سی ) تشکیل نہیں دی گئی تو راشٹر پتی بھون کے روبرو دھرنا منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت مخصوص صنعتی گھرانوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے اور ملک کے اہم ادارے حوالے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں اڈانی کمپنیوں کی بے قاعدگیوں کے منظر عام پر آنے کے باوجود مودی حکومت تحقیقات سے گریز کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے اڈانی کے خلاف موقف اختیار نہیں کیا ہے۔ چیف منسٹر نے سوال کیا کہ بی آر ایس اڈانی اور مودی کے ساتھ ہے یا پھر عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ گرفتاری سے بچنے کیلئے بی جے پی کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے گئے لہذا اڈانی کی مخالفت سے گریز کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مودی اور کے سی آر دونوں ایک ہیں اور ایک دوسرے کی مخالفت کا ڈرامہ کیا جارہا ہے۔ 1
انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین اگر بدعنوانیوں کی جانچ میں سنجیدہ ہوں تو انہیں اڈانی کے خلاف جے پی سی کی تشکیل کا مطالبہ کرنا چاہیئے۔ بی آر ایس تیار ہو تو حکومت ایوان میں قرارداد پیش کرنے کیلئے تیار ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اڈانی کی بے قاعدگیوں کے خلاف کانگریس پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ چیف منسٹر نے اڈانی کے مسئلہ پر کے سی آر سے موقف کی وضاحت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے کیلئے اڈانی اور مودی ذمہ دار ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے الزام عائد کیا کہ مودی کی سرپرستی میں اڈانی نے ملک کے وسائل کو لوٹ لیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اڈانی اور مودی کی ملی بھگت کو کانگریس پارٹی عوام میں بے نقاب کرے گی۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ اڈانی کی بے قاعدگیوں پر عوام میں شعور بیدار کریں۔1