چینائی : مرکزی حکومت کی فوج میں بھرتی کیلئے ’’ اگنی پتھ‘‘ اسکیم کی مخالفت میں سب سے زیادہ نشانہ ریلوے کی املاک کو بنایا گیا جس کے بعد سدرن ریلویز نے ٹاملناڈو کے چند بڑے اسٹیشنوں پر سیکوریٹی میں اضافہ کردیا ہے جن میں چینائی سنٹرل ، تریپور ، کوئمبتور ، مدورائی ، سیلم ، جھولار پیٹ اور ارکونا شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں چینائی میں آرمی آفیسرس میس اور دیگر فوجی تنصیبات کی جانب جانے والے راستو ں کی بھی پولیس نے ناکہ بندی کردی ہے جبکہ اسی دوران کانچی پورم اور کومباکونم میں معمولی نوعیت کے احتجاج کا سلسلہ جاری رہا ۔ انٹلیجنس کی جانب سے جاری کی گئی خفیہ اطلاعات کے مطابق ٹاملناڈو پولیس کو زبردست ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے ،کیونکہ اطلاعات کے مطابق تریپور میں محتلف کپڑوں کے کارخانوں میں جھارکھنڈ ،مدھیہ پردیش، اترپردیش اور بہار سے تعلق رکھنے والے نوجوان برسرکار ہیں ۔ ان ریاستو ں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے ہی چار روز پہلے اگنی پتھ اسکیم کیخلاف سب سے زیادہ توڑپھوڑ کی تھی ۔