مہلوکین میں 4 ہندوستانی بھی شامل ، سشما سواراج کا اظہار افسوس ، ہندوستانی سفارتخانہ سے رابطہ
عدیس ابابا (حبش) 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حبش کے سرکاری ٹیلی ویژن پر خبر نشر کی گئی ہے کہ ایک مسافر بردار حبش ایرلائنز کا طیارہ پرواز کے کچھ ہی دیر بعد عدیس ابابا میں حادثہ کا شکار ہوگیا۔ ٹی وی چیانل ای بی سی کے بموجب اُس میں سوار تمام 157مسافر ہلاک ہوگئے۔ مبینہ طور پر اِس حادثہ میں حبش کے 35 شہری سوار تھے۔ ایرلائنز نے کہاکہ سمجھا جاتا ہے کہ مسافرین کی تعداد 157 تھی۔ یہ طیارہ اتوار کی علی الصبح حادثہ کا شکار ہوگیا۔مہلوکین میں 4 ہندوستانی مسافرین بھی شامل ہے ۔ طیارے میں سیاحوں ، تاجر طبقہ کے افراد کی تعداد زیادہ تھی ۔ ان میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے جانے والا ایک وفد بھی شامل تھا ۔ حادثہ کے بعد عالمی سطح پر اظہار تعزیت کے درمیان نیروبی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر رشتہ داروں کی کثیرتعداد جمع ہوگئی اور یہ لوگ آہ و بکا کرتے دیکھے گئے ۔ طیارے میں 35 ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد سوار تھے ۔ ان میں ایک اقوام متحدہ کا پاسپورٹ رکھنے والا مسافر بھی تھا ۔ یہ طیارہ عدیس ابابا کے جنوب مغرب میں 60 کیلو میٹر دور پر جاگرا ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارہ فضاء میں ہی شعلہ پوش ہوکر زمین پر آگرا ۔ آگ میں لپٹا ہوا طیارہ جب زمین پر گرا بہت بڑا دھماکہ ہوا ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ کے مقام کے قریب ندی پائی جاتی ہے ۔ طیارے کے عقبی حصے میں آگ لگی تھی ۔ یہ طیارہ انڈونیشیا لائین ایر جیٹ طیارہ کی طرح تھا جو گزشتہ اکٹوبر میں گرکر تباہ ہوا ۔ 4 ہندوستانی مہلوکین میں ایک وزارت ماحولیات کا کنسلٹنٹ بھی شامل تھا ۔ وزیر خارجہ سشما سواراج نے کہا کہ وہ مہلوکین کی شناخت کرنے کیلئے ہندوستانی سفارتخانہ ایتھوپیا سے رابطہ پیدا کرکے پتہ چلایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی شہریوں کے نام وی پی بھاسکر ، ودیا ہنسین انگیش ، نکروپا منیشا اور شیکھا گارگ ہیں ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ ان مہلوکین کے ارکان خاندان سے رابطہ کی کوشش کررہی ہیں۔ حادثہ کے بعد دنیا بھر سے تعزیتی پیامات دیئے گئے ۔ برطانیہ ، فرانس نے کہا کہ طیارہ میں اس کے بھی شہری سوار تھے ۔