ریاستی صدر عبدالحفیظ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/10ستمبر، ( سیاست نیوز) جماعت اسلامی کی طلباء تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (SIO) تلنگانہ کی جانب سے 14 اور 15 ستمبر کو بین الاقوامی اکیڈیمک کانفرنس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ یہ کانفرنس ہفتہ اور اتوار کو ہنری مارٹن انسٹی ٹیوٹ پر منعقد ہوگی۔ کانفرنس میں مسلمانوں کے سیاسی، سماجی اور ثقافتی تصور پر مختلف اسکالرس الگ الگ زاویوں سے اظہار خیال کریں گے۔ ملک اور بیرون ملک کی یونیورسٹیز سے وابستہ دانشور، علمی ماہرین کی شرکت متوقع ہے۔ کانفرنس میں ہندوستان میں مسلمانوں کے سیاسی موقف اور مستقبل کی سیاست کے بارے میں نئے چیالنجس کا جائزہ لیا جائے گا۔ ایس آئی او کے ریاستی صدر عبدالحفیظ اور کانفرنس کنوینر عبدالسلام شاکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے مسائل کے حل کے ضمن میں ایس آئی او تلنگانہ میں سرگرم ہے۔ سماجی مسائل کے حل کیلئے ایس آئی او کی جانب سے آواز اٹھائی جارہی ہے۔ تعلیمی سرگرمیوں میں ایس آئی او نے طلبہ کی علمی اور فکری صلاحیتوں میں اضافہ کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ عبدالحفیظ نے کہا کہ تعلیمی کانفرنس اقلیتوں، تاریخ، قانون، تشدد اور دیگر موضوعات کا احاطہ کرے گی۔ عبدالسلام شاکر کے مطابق تعلیمی میدان سے وابستہ افراد سے شرکت کی اپیل کی گئی ہے اور کانفرنس کے زیادہ تر موضوعات اقلیتوں کے موجودہ حالات پر مبنی ہیں۔1