ٹی ایم سی کے باغی رکن اسمبلی قاسم صدیقی کی گھرواپسی

   

دیدی کے ساتھ رہنے کا عزم،’دھوکہ سے باغی گروپ میں شامل کرنے کا الزام

کولکاتہ ۔25؍اگست ( ایجنسیز )ترنمول کانگریس سے الگ ہونے والے لیڈروں کی پارٹی میں واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ شمالی 24 پرگنہ کے امدنگا سے رکن اسمبلی قاسم صدیقی نے اپوزیشن خیمے سے علیحدگی اختیار کرکے پھر سابق چیف منسٹرٰ ممتا بنرجی کے خیمے میں واپس آنے کا اعلان کیا ہے۔ کچھ ماہ قبل انہوں نے اپوزیشن لیڈر رتبرتا بنرجی کے گروپ کا ساتھ دیا تھا۔ قاسم صدیقی نے کہا کہ انہیں گمراہ کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ دیدی کے ساتھ تھے اور آئندہ بھی ان کے ساتھ رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہیں اپوزیشن گروپ میں شامل کیا گیا تو کہا گیا تھا کہ یہ گروپ ممتا بنرجی کی قیادت میں کام کرے گا لیکن بعد میں انہیں احساس ہوا کہ وہاں دیدی کا کوئی ذکر ہی نہیں تھا۔قاسم نے بتایا کہ ان سے ایک دستاویز پر دستخط کرائے گئے اور کہا گیا کہ یہ دستخط دیدی تک پہنچائے جائیں گے۔ جب انہوں نے دیکھا کہ اس دستاویز میں دیدی کا نام ہی موجود نہیں ہے تو انہوں نے اس گروپ کا حصہ نہ رہنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ممتا بنرجی ہی ان کی لیڈر ہیں اور انہی نے انہیں ٹکٹ دے کر اسمبلی تک پہنچایا ہے۔ قاسم صدیقی نے جذباتی انداز میں کہا کہ انہوں نے دیدی کی تصویر کے ساتھ ووٹ مانگے تھے اور عوام نے بھی دیدی کو دیکھ کر ہی انہیں ووٹ دیا۔ ان کے مطابق ان کے لیے دیدی ہی سب کچھ ہیں۔ قاسم صدیقی کو ’پیرزادہ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ان کا تعلق ہوگلی کے فرفورا شریف درگاہ سے ہے اور مسلم برادری کے بعض طبقات میں ان کا خاصا اثر و رسوخ ہے۔