رمضان کے باعث طلباء کو مشکلات‘ جناب عامر علی خاں کا چیف منسٹر کو مکتوب
حیدرآباد۔22۔ڈسمبر(سیاست نیوز) بورڈ آف سیکنڈری نے ایس ایس سی امتحانی شیڈول کا اعلان کردیا ہے جن کا ماہ رمضان کے آخری عشرہ میں آغاز ہو رہا ہے ۔ رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعلیم کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ 21مارچ 2024 سے ایس ایس سی امتحانات کا آغاز کیا جا رہاہے جبکہ 21 مارچ کو 20 رمضان المبارک ہوگی اور 20 رمضان المبارک کو حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی یوم شہادت کے ضمن میں اختیاری تعطیل ہوتی ہے۔ اس دن زبان اول کا پرچہ رکھا گیا ہے۔ اسی طرح 28 مارچ کو جمعہ ہے جو ماہ رمضان کا آخری یعنی جمعۃ الوداع ہو تا ہے اور اس دن میں کئی مقامات پر اختیاری تعطیل ہوا کرتی ہے۔اس دن فزیکل سائنس کا پرچہ رکھا گیا ہے۔ 26 رمضان کو لیلۃ القدر کا اہتمام کیا جاتا ہے جس کے نتیجہ میں 27رمضان مطابق 28 مارچ اختیاری تعطیل ہوا کرتی ہے لیکن اس دن بھی امتحان منعقد کیا جا رہاہے۔اسی طرح عیدالفطر موجودہ کیلنڈر کے اعتبار سے 31 مارچ کو بروز پیر ہونے کا امکان ہے جبکہ عید الفطر کے ایک دن کے وقفہ کے بعد ہی 2 اپریل کو سوشل اسٹڈیز کا پرچہ ہے۔جناب عامر علی خان نے اپنے مکتوب میںامتحانات کی تواریخ میں فوری اثر کے ساتھ تبدیلی کے اقدامات پر زور دیا ہے تاکہ امیدواروں کسی منفی اثر کے بغیر امتحانات کی تیاری کرسکیں۔ انہوںنے توقع ظاہر کی کہ حکومت امتحانی شیڈول میں تبدیلی کرے گی تاکہ امیدواروں کے علاوہ مسلم اساتذہ اور امتحانات کے دوران خدمات انجام دینے والے عملہ کو سہولت ہوسکے۔3