ایلون مسک کے باڈی گارڈزباتھ روم تک بھی ساتھ ہوتے ہیں!

   

لندن : دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کا شمار دنیا کی طاقتور ترین شخصیات میں ہوتا ہے جن کی سیکیورٹی کے لیے باڈی گارڈز، پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز اور مسلح اہلکار 24 گھنٹے ڈیوٹی پر معمور رہتے ہیں۔ایلون مسک کے باڈی گارڈز ہر جگہ، یہاں تک کہ اگر وہ باتھ روم جارہے ہوں تو بھی ان کے ہمراہ جاتے ہیں۔ٹوئٹر کے ایک انجینئر نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ایلون مسک آفس میں کام کرتے ہوئے بھی ہمیشہ اپنے سیکیورٹی گارڈز سے گھرے رہتے ہیں۔انجینئر نے بتایا کہ ایلون مسک کی سکیورٹی اتنی سخت ہے کہ کم از کم 2 باڈی گارڈز باتھ روم تک بھی ان کے ساتھ جاتے ہیں۔انجینئر نے مزید بتایا کہ ایلون مسک کے تمام باڈی گارڈز کا حُلیہ بالکل ہالی ووڈ فلموں کے باڈی گارڈز جیسا ہے۔اگرچہ نامور شخصیات کے پاس سیکیورٹی ہونا کوئی بڑی بات نہیں ہے لیکن ایلون مسک کی سیکیورٹی قدرے سخت ہے، خاص طور پر ایک ناخوشگوار واقعے کے بعد جوکہ ان کے ساتھ گزشتہ سال پیش آیا۔یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں ایلون مسک نے اپنے ایک ٹوئٹ میں انکشاف کیا کہ رات کو جب وہ اپنے 2 سالہ بیٹے ’X‘ کے ساتھ جا رہے تھے تو کوئی ان کا پیچھا کر رہا تھا۔ یہاں تک کہ ایلون مسک کا پیچھا کرنے والے اس شخص نے ان کی گاڑی کو بونٹ پر چڑھ کر چلنے سے روک دیا۔ اس واقعے نے ایلون مسک کو غصّہ دلایا اور وہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی سیکیورٹی کے لیے فکر مند ہو گئے اور تب سے ہی ان کے باڈی گارڈز 24 گھنٹے ہر جگہ ان کے ساتھ موجود ہوتے ہیں۔