ایمسیٹ ایک ماہ تک ملتوی ہونے کا امکان

   


اولیاء طلباء اور ٹیچرس فروری میں JEE کے انعقاد کے مخالف
حیدرآباد :۔ جوائنٹ انٹرنس ایگزامنیشن (JEE) ہوسکتا ہے کہ فروری 2021 سے منعقد ہوگا ، لیکن تلنگانہ انجینئرنگ اگریکلچرل اینڈ میڈیکل کامن انٹرنس ٹسٹ (EAMCET) جو عام طور پر ماہ مئی میں منعقد ہوتا ہے امکان ہے کہ اس کے انعقاد کو کم از کم ایک ماہ تک ملتوی کیا جائے گا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن (TSCHE) کے عہدیداروں نے کہا کہ انٹر میڈیٹ کے بورڈ امتحانات پر انحصار کرتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے عہدیداروں سے صلاح و مشورہ کرنے اور ان کی تجاویز حاصل کرنے کے بعد ایمسیٹ امتحان منعقد کرنے کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ کونسل کے چیرمین ٹی پاپی ریڈی نے کہا کہ ’ایمسیٹ کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا انٹر میڈیٹ بورڈ کی جانب سے انٹر کے امتحان کے نصاب اور تواریخ کا اعلان کئے جانے پر ہم ایمسیٹ سے متعلق فیصلہ کریں گے ۔ یہ امتحان قومی امکان ہے کہ کم از کم چار ہفتوں کے لیے ملتوی کیا جائے گا ‘ ۔ اس دوران نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی (NTA) کے 2021 میں چار مرتبہ جے ای ای منعقد کرنے کے فیصلہ کو لکچررس اور اولیائے طلباء اچھا نہیں سمجھ رہے ہیں ۔ اس فیصلہ کو بالکل غیر ضروری قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے ای ای امتحان کو جلد فروری میں منعقد کرنے سے طلبہ پر کافی دباؤ ہوگا ۔ بالخصوص اس لیے کہ زیادہ تر کالجس میں نصاب کی تکمیل نہیں ہوئی ہے ۔ اشوک کمار ، آئی آئی ٹی کوآرڈینٹر نارائنا گروپ آف انسٹی ٹیوشنس نے کہا کہ ’مسابقتی امتحانات کو مسلسل چار ماہ تک منعقد کرنے کا مشورہ نہیں دیا جاسکتا کیوں کہ یہ مفید نہیں ہوگا اور اس کی وجہ بورڈ امتحانات پر بھی مضر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں ‘ ۔ تاہم چند لوگوں کا خیال ہے کہ طلبہ فروری یا مئی میں JEE امتحان میں شرکت کرنے کو ترجیح دے سکتے ہیں کیوں کہ وہ تواریخ بورڈ امتحانات کی تواریخ میں نہیں ہوں گے ۔ ایم اوما شنکر ، آل انڈیا کوارڈینٹر سری چیتنیہ گروپ نے کہا کہ ’ این اے ٹی کی جانب سے طلبہ کو زیادہ آپشنس دئے جارہے ہیں ۔ اگر انہیں ایک امتحان میں ان کے بہتر مظاہرہ اور اچھی کارکردگی سے متعلق اعتماد ہو تو انہیں تمام چار امتحانات میں شرکت کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ تاہم یہ ضروری نہیں ہے کہ یہ ایک ہی وقت چار اولمپکس منعقد کرنا اور چار مختلف لوگوں کو گولڈ میڈلس دینا جیسا ہو ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ اوسط طلبہ تاہم ان امتحانات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اچھے نشانات حاصل کرسکتے ہیں ۔ جے ای ای ۔ فروری کے لیے رجسٹریشنس کا آغاز 15 دسمبر کو ہوا ہے ۔ دوسرا ، تیسرا اور فائنل امتحان بالترتیب مارچ ، اپریل اور مئی میں منعقد کیا جائے گا ۔۔