ایمس کو آدھے دن بند کرنے کے فیصلہ پر پرینکا چترویدی کا طنز

   

نئی دہلی : ملک کے سب سے بڑے ہاسپٹل ایمس (انڈین انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز) کو 22 جنوری کے روز دوپہر 2:30 بجے تک بند کرنے کے فیصلہ کے بعد اپوزیشن قائدین نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 22 جنوری کو ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح کے موقع پر دہلی میں واقع ایمس کی اوپی ڈی خدمات کو دوپہر ڈھائی بجے تک بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد عوامی و سیاسی طور پر اس فیصلہ کی مذمت کی گئی۔ سوشل میڈیا پر اس مسئلہ پر لوگوں نے شدید تنقید کی۔ شیوسینا (یو بی ٹی) ایم پی پرینکا چترویدی نے سوشل میڈیا پر ایمس کے فیصلہ پر طنز کرتے ہوئے شہریوں کو 22 جنوری کو دوپہر 2 بجے سے قبل طبی ہنگامی صورتحال سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’براہ کرم 22 تاریخ کو میڈیکل ایمرجنسی بچیں اور اپنے شیڈول کو دوپہر دو بجے کے بعد کرلیں، کیونکہ ایمس دہلی مریادہ پرشوتم رام کے استقبال کے لئے وقت نکال رہا ہے‘ ۔ بعد ازاں موصولہ اطلاعات کے مطابق ایمس نے اپنے فیصلہ پر نظرثانی کی ہے۔ عوامی احتجاج کو دیکھتے ہوئے ایمس نے اپنے فیصلہ کو بدل دیا ہے۔ اب ایمس کی خدمات 22 جنوری کو بند نہیں ہوں گی۔