حیدرآباد۔21۔ مئی ۔(سیاست نیوز) جامعہ عثمانیہ کے مرکز فاصلاتی تعلیم نے پوسٹ گریجویشن طلبہ کے لئے 10روزہ کلاسس کی تواریخ کا اعلان کردیا ہے۔روزنامہ سیاست نے 15مئی کے شمارہ میں جامعہ عثمانیہ کے شعبہ فاصلاتی تعلیم پروفیسر جی رام ریڈی مرکز برائے فاصلاتی تعلیم کی جانب سے ایم اے (اردو) کے طلبہ کے لئے کلاسس کے عدم انعقاد کے سلسلہ میں متوجہ کرواتے ہوئے ایک خبر شائع کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ سالانہ امتحانات کے ٹائم ٹیبل کی اجرائی کے باوجود اب تک بھی فاصلاتی ذریعہ تعلیم سے ایم اے کر رہے طلبہ کے لئے کلاسس کا انعقاد عمل میں نہیں لایا گیا اور نہ ہی طلبہ کو اسائنمنٹ داخل کرنے کی تاریخ دی گئی جبکہ اردو کے علاوہ دیگر مضامین میں ایم اے کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے کلاسس کا انعقاد عمل میں لائے طویل عرصہ گذرنے کے علاوہ ان کے اسائنمنٹ بھی وصول کئے جاچکے ہیں۔ 15مئی کے روزنامہ سیاست میں خبر کی اشاعت کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے فوری طور پر اس معاملہ میں اقدامات کرتے ہوئے 17مئی کو اعلامیہ جاری کردیا اور ایم اے سال اول اور سال دوم کے طلبہ کے لئے 5جون تا 14 جون روزانہ کلاسس کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے۔ جامعہ عثمانیہ کے شعبہ فاصلاتی تعلیم کے ایم۔ اے اردو سال اول کے طلبہ کو ڈاکٹرسیدہ نسیم سلطانہ ‘ ڈاکٹر تاج النساء ‘ ڈاکٹر نوری خاتون اور ڈاکٹر احمد علی شکیل ان کے مضامین میں تعلیم دیں گے اس کے علاوہ ایم۔ اے (اردو) سال دوم کے طلبہ کے لئے ڈاکٹر مشتاق احمد‘ ڈاکٹر انجم النساء بیگم‘ ڈاکٹر غوثیہ بیگم کے علاوہ ڈاکٹر محمد ناظم علی کلاسس لیں گے۔ 5جون تا14 جون منعقد ہونے والی ان کلاسس کے لئے صبح 9 بجے تا شام 5:30بجے کلاسس منعقد کی جائیں گی۔ یونیورسٹی کے ذمہ دارو ںاور شعبہ اردو کے اساتذہ نے ایم ۔ اے سال اول میں داخلہ حاصل کرنے والوں کے علاوہ ایم۔ اے سال دوم کے طلبہ سے خواہش کی ہے کہ وہ ان کلاسس میں پابندی سے شرکت کو یقینی بنائیں۔ ذرائع کے مطابق اردو طلبہ کی کلاسس میں عدم شرکت اور ان کی کم حاضری کے سبب یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے پوسٹ گریجویشن کی اردو کلاسس کے انعقاد کے سلسلہ میں کوتاہی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے اسی لئے ان جماعتوں میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کو محض داخلہ حاصل کرنے اور امتحان تحریر کرنے کے بجائے 10روزہ کلاسس میں زیادہ سے زیادہ شریک ہوتے ہوئے اپنی دلچسپی کا بھی مظاہرہ کرنا چاہئے ۔